یاسر شاہ نے اسٹیون اسمتھ کو پسندیدہ شکار بنالیا

ساتویں بارآؤٹ کیا،7انگلیاں فضا میں لہرا کر قیمتی وکٹ کا جشن منایا

کیریئر کے دوران 3اننگز میں 200سے زائد رنز دینے کا منفی ریکارڈ بنا دیا۔ فوٹو: فائل

یاسر شاہ نے اسٹیون اسمتھ کو پسندیدہ شکار بنالیا، لیگ اسپنر نے ساتویں بار آسٹریلوی بیٹسمین کو آؤٹ کرکے7انگلیاں فضا میں لہرا کر قیمتی وکٹ کا جشن منایا۔

برسبین ٹیسٹ میں 27رنز اسکورکرکے 7ہزار رنز مکمل کرنے کے خواہاں اسمتھ کریز پر آئے تو یاسر شاہ نے اننگز 4تک محدود کردی،لیگ اسپنر اپنے پسندیدہ شکار کی کمزوری اور اپنے ریکارڈ سے آگاہ تھے، اسی لیے وکٹ لینے کے بعد 7انگلیاں فضا میں لہراتے ہوئے کراؤڈ کی جانب اشارہ کیا۔

یاد رہے کہ سب سے زیادہ 8بار اسمتھ کی وکٹ انگلش پیسر اسٹورٹ براڈ نے حاصل کی ہے، 2013میں کم بیک کے بعد آسٹریلوی بیٹسمین نے 67.18 کی اوسط سے 6718رنز بنائے لیکن یاسر شاہ کے مقابل ان کی ایوریج 27.28رہی ہے۔


لیگ اسپنر کے بڑے مداحوں میں شمار کیے جانے والے شین وارن کا کہنا ہے کہ انھوں نے بڑی اچھی لائن اور لینتھ پر بولنگ کی،اسمتھ کی وکٹ پر ان کا حق تھا، مائیکل وان نے کہاکہ اسمتھ اپنی غفلت سے یاسر شاہ کی فلائیٹ سے دھوکا کھاگئے۔

دوسری جانب ایک منفی ریکارڈ بھی یاسر شاہ کے نام کے آگے درج ہوگیا،لیگ اسپنر تیسری بار200 سے زائد رنز دینے والے واحد بولر بن گئے، انھوں نے برسبین میں 205رنز دے کر4وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کے منکڈنے1948 سے1953کے دوران 2اننگز میں 430رنز دے کر 8شکار کئے تھے، ثقلین مشاق نے 2003اور 2004کے دوران 2اننگز میں 441رنز کے عوض4وکٹیں لی تھیں، یاسر شاہ نے 3اننگز میں625رنز دے کر 8شکار کیے۔

 
Load Next Story