آلو کی اوسط قیمت پہلی بار50روپے کلوگرام تک پہنچ گئی

24اکتوبرکوختم ہفتے میں کیلے،بریڈوانڈے سمیت19اشیاکے نرخوں میں اضافہ

گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ آلو کی قیمتوں میں 13.35 فیصد ہوا اور ملک میں آلو کی اوسط قیمت ریکارڈ49.15 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ملک میں پہلی بار آلو کی اوسط قیمت 50 روپے کلو گرام تک پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.08 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 11.68 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری رپورٹ کے مطابق24 اکتوبر 2013 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں 19اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 28 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ آلو کی قیمتوں میں 13.35 فیصد ہوا اور ملک میں آلو کی اوسط قیمت ریکارڈ49.15 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی جبکہ کیلے کی قیمت 1.67 فیصد بڑھ کر 55.98 روپے فی درجن، لہسن کی 1.55 فیصد بڑھ کر 132.28 روپے فی کلوگرام اور سادہ ڈبل روٹی کی 1.22 فیصد کے اضافے سے 38.88 روپے فی 340تا400گرام ہوگئی۔




اس کے علاوہ انڈے0.9 فیصد، گائے کے گوشت کی پکی پلیٹ0.78 فیصد، دال مسور0.51 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.50 فیصد، چینی 0.47 فیصد، گندم 0.43 فیصد، سگریٹ 0.32 فیصد، آٹا 0.25 فیصد، پیاز 0.22 فیصد، ایل پی جی 11کلوگرام سلنڈر 0.19 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی0.13فیصد، دال ماش0.12 فیصد، جلانے کی لکڑی0.09 فیصد اور تازہ دودھ و کھلے گھی کی قیمتوں میں 0.07 فیصد کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر 15.66فیصد کی کمی سے اوسطاً 61.33 روپے فی کلوگرام ہوگئے جبکہ زندہ مرغی1.87، دال چنا1.21، اری 6 چاول 0.22، گڑ0.22 اور دال مونگ کی قیمت میں 0.19 فیصد کمی ہوئی۔ پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح سب سے زیادہ 8 ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.18 فیصد جبکہ سب سے کم 35ہزار روپے سے زاہد ماہانہ آمدنی والوں کے لیے 0.03 فیصد بڑھی۔
Load Next Story