سرکاری زمین پر قبضے کی جنگ 2برادریوں میں فائرنگ نوجوان ہلاک

جدید اسلحے سے لیس رند اور بگھیو برادری کے افراد ایکدوسرے پر مورچہ بند فائرنگ۔

پولیس صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ فوٹو: فائل

دولت پور کے قریب بچل پور پولیس تھانے کی حدود میں سرکاری زمین پر قبضے کی جنگ جاری، رند اور بگھیو برادری کے درمیان تصادم،شدید فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری، ایک شخص جاں بحق 10 افراد شدید زخمی۔

2 روز گزر جانے کے باوجود پولیس فائرنگ بند کرانے میں ناکام،مزید خونریزی کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری زرعی زمین پر رند اور بگھیو برادری کے درمیان قبضے کی جنگ چھڑ گئی ہے۔ دونوں برادریوں کے درجنوں افراد جدید اسلحے سے مورچہ بند ہو کر ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے ہیں۔ گزشتہ شب فائرنگ سے بگھیو برادری کے 8 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے جنھیں قاضی احمد اسپتال اور نوابشاہ اسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔




جمعے کے روز بھی دونوں گروپوں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ چلتا رہا، سہ پہر کے وقت فائرنگ سے رند برادری کا 25 سالہ نوجوان غلام رسول جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 افراد شیری رند اور اللہ بچالو زخمی ہو گئے۔ جنھیں پی ایم سی اسپتال نوابشاہ لایا گیا ۔

ذرائع کے مطابق کچے میں واقع 100 ایکڑ زرعی زمین پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 50،50 ایکڑ زرعی زمین پر دونوں برادریوں نے پہلے سے قبضہ کر رکھا ہے اور مزید 50 ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع انتظامیہ نے فائرنگ کا سلسلہ بند نہ کرایا تو مزید خون ریزی کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب 2 روز گزر جانے کے باوجود دولت پور اور بچل پور پولیس کی جانب سے مسلح تصادم روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
Load Next Story