پروٹیز پر جوابی حملے کی حکمت عملی تیار کرلی ناصر

وزن میں کمی سے فٹنس کے ساتھ بیٹنگ اور فیلڈنگ بھی بہتر ہوگئی،اوپننگ بیٹسمین


Sports Reporter October 26, 2013
پروٹیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی اوپنرز کا کردار اہم ہوگا،ناصر جمشید۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ناصر جمشید کا کہنا ہے کہ پروٹیز بولرز نئی گیند کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلیے اٹیک کرتے ہیں،ون ڈے سیریز میں ان پر جوابی حملے کی حکمت عملی تیار کرلی۔

اپنی فٹنس اور تکنیک پر خاصا کام کیا ہے، توقعات کے مطابق پرفارم کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریکٹس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر جمشید نے کہا کہ پروٹیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی اوپنرز کا کردار اہم ہوگا، مہمان بولرز نئی گیند کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلیے اٹیک کرتے ہیں، ابتدا میں جلد وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر پر بھی دبائو بڑھ جاتا ہے، پیسرز پر جوابی حملے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے، انھوں نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز ہمارے لیے زیادہ سازگار ہیں، اچھی پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترے تو پروٹیز پر قابو پانا زیادہ مشکل نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اپنی فارم اور فٹنس بہتر بنانے کیلیے بڑی محنت کی ہے، بیٹنگ تکنیک میں خامیاں دور کرنے کیلیے اپنی ویڈیوز دیکھ کر کوچ منصور رانا کی رہنمائی میں پریکٹس کرتا رہا۔



بعد ازاں نیٹ کے بھی فوٹیج حاصل کرکے ایک بار پھر اپنے اسٹروکس چیک کیے،آف سائیڈ پر باہر جاتی گیندوں کو کھیلنے میں مسائل تھے جو اب خاصے کم ہوگئے ہیں، وزن میں کمی سے فٹنس کے ساتھ بیٹنگ اور فیلڈنگ بھی بہتر ہوگئی ہے، آئندہ میچز میں واضح فرق نظر آئے گا۔ اوپننگ کیلیے محمد حفیظ اور احمد شہزاد میں سے بہتر پارٹنر کے سوال پرانھوں نے کہا کہ دونوں کے ساتھ ملکی اور انٹرنیشنل سطح پر کھیل چکا، کسی کے ہمراہ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ناصر جمشید نے کہا کہ کوچ اور سینئرز رہنمائی جبکہ مسائل کے حوالے سے بیٹسمین آپس میں مشاورت بھی کرتے ہیں، بیٹنگ کوچ کے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔کوئی اوپننگ جوڑی مستحکم نہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بیٹسمین ہوم کنڈیشنز میں کھیلنے کے مواقع سے محروم ہیں، اسی وجہ سے اعتماد میں کمی نظر آتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں