حج کرپشن سپریم کورٹ نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا

سابق وزیراعظم نے تعاون نہیں کیا،کہتے ہیں استثنیٰ حاصل ہے،تفتیشی افسر،استثنیٰ ازخودنہیں ملتا،مانگنا پڑتا ہے،عدالت


Numainda Express October 26, 2013
عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے وکیل کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس میں ایف آئی اے کوسابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کاحکم دے دیا۔

عدالت نے آبزرویشن دی ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے عدالت سے استثنیٰ نہیں مانگا، نہ ہی ان کے وکیل پیش ہوئے ہیں اس لیے ایف آئی اے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ استثنیٰ خودبخود حاصل نہیں ہوتا، عدالت سے رجوع کرناپڑتا ہے۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سماعت کی۔ تفتیشی افسرحسین اصغر پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں یوسف رضا گیلانی کے علاوہ باقی معاملات کی حد تک تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور چالان جمع کیے جاچکے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کو ایف آئی اے نے 3بار سمن جاری کیا مگر ان کا دعویٰ ہے کہ انھیں سابق وزیراعظم کی حیثیت سے استثنیٰ حاصل ہے اس لیے انھوں نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے سے انکارکردیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ انھوں نے کبھی عدالت سے استثنیٰ نہیں مانگا، نہ ہی ان کے وکیل عدالت میں موجودہیں۔ استثنیٰ ازخود حاصل نہیں ہوتا۔ اگروہ یہی سمجھتے ہیں تو انھیں عدالت آناپڑے گا۔ عدالت نے تفتیشی افسرکو حکم دیاکہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کریں اور رپورٹ 18 نومبرکو عدالت میں پیش کریں۔ عدالت نے یوسف رضا گیلانی کے وکیل کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔



اسلام آبادپولیس کے سابق آئی جی بنیامین کی بہوکی پراسرار ہلاکت سے متعلق مقدمے میں سپریم کورٹ کو بتایا گیاکہ نئی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جس میں اعلیٰ پولیس افسروں کو غفلت برتنے پرنامزدکیا گیا ہے۔خیبرپختونخواکے ایڈووکیٹ جنرل عبداللطیف یوسفزئی نے بینچ کو بتایا کہ واقعے میں غفلت برتنے والے 6پولیس افسروں کے خلاف ایف آئی آردرج کرلی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ پولیس افسران کے خلاف ایف آئی آر میں ایسی دفعات لگائی گئی ہوں گی جو قابل ضمانت ہوں۔ سب کچھ جان بوجھ کرکیا گیااور جائے وقوعہ سے ثبوت مٹائے گئے۔ لطیف یوسفزئی نے عدالت سے استدعاکی کہ کچھ مہلت دی جائے کیونکہ پوسٹ مارٹم کی فارنسک رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی۔ عدالت نے مزیدکارروائی 28اکتوبر تک ملتوی کردی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں