پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کو سبسڈی دینے کا آغاز

گندم کے بیجوں کے ایک تھیلے پر 1200 روپے سبسڈی دی جارہی ہے، محکمہ زراعت پنجاب

زرعی مشینری پر 50 فیصد تک سبسڈی دی جارہی ہے، ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
زرعی ایمرجنسی کے تحت پنجاب میں گندم کی کاشت کے 5 سالہ قومی منصوبے کے تحت کاشت کاروں کو 16 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق رواں سیزن کے لیے پنجاب میں گندم کا پیداواری ہدف ایک کروڑ 96 لاکھ ٹن مقررکیا گیا ہے جبکہ ایک کروڑ 62 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی جارہی ہے۔ بیج کی 8 سے 9 اقسام پر1200 روپے فی تھیلا سبسڈی دی جارہی ہے۔ 50 کلوگندم کے بیج کے ایک تھیلے کی قیمت تقریبا 2700 روپے ہے۔ پنجاب میں گندم کی اوسط پیداوار 28 سے 30 من فی ایکڑ ہے جس میں 7 من تک فی ایکڑ اضافہ کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس طرح مجموعی ہدف کا حصول آسان ہوجائے گا۔


محکمہ زراعت کی کوشش ہے کہ کاشت کاروں کو گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت کی طرف راغب کیا جائے اور زیادہ اور بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لئے محکمہ زراعت کی سفارشات پرعمل کیا جائے۔ منتخب بیج کے استعمال کے ساتھ ساتھ زمین کی تیاری ، پانی کا بروقت استعمال ، کھاد اورزہروں کے استعمال سے متعلق محکمے سے رہنمائی لی جاسکتی ہے۔ رواں سیزن کے دوران کاشتکاروں کو بیج ،کھاد، زہروں اورزرعی مشینری کی خریداری کے لئے 9 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت (توسیعی ) پنجاب ڈاکٹر انجم علی کا کہنا ہے کہ گندم کے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو منتخب اقسام کے بیج کے 4 لاکھ 35 ہزار تھیلوں پر فی تھیلا 1200 روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، بیج کے تھیلوں میں 1200 روپے مالیت کا واوچر شامل کیا گیا ہے جس سے کاشتکار سبسڈی کی رقم حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ زرعی مشینری، کھادوں اورجڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے مختلف اقسام کی زہروں کی خریداری پرسبسڈی جاری ہے۔گندم کے کاشتکاروں میں بہتر پیداوارحاصل کرنے کے مقابلے کروائے جائیں گے۔

ڈاکٹر انجم علی نے بتایا کہ زرعی مشینری پر 50 فیصد تک سبسڈی دی جارہی ہے۔ اسی طرح جپسم پر ایک ارب روپے کی سبسڈی رکھی گئی ہے، زنک اور آرگینک طریقوں پر بھی کاشتکاروں کی معاونت منصوبے میں شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد گندم کی مجموعی پیداوارمیں اضافہ ہے۔ اس سال ہماراگندم کا پیداواری ہدف ایک کروڑ 96 لاکھ ٹن گندم حاصل کرنا ہے اس مقصد کے لئے ایک کروڑ 62 لاکھ ایکڑررقبے پر گندم کاشت کی جارہی ہے۔
Load Next Story