آصف علی زرداری کے علاج کے لیے اپنا حق مانگ رہے ہیں کوئی احسان نہیں سعید غنی

6 مہینے ہونے کو آئے ہیں لیکن کیس چلا نہیں اور آصف زرداری کو جیل میں رکھا ہوا ہے، رہنما پی پی


ویب ڈیسک November 25, 2019
مجھے سمجھ نہیں آتی صوبہ سندھ کے کیسز باہر کیوں منتقل کیے گئے ہیں، رہنما پی پی۔ فوٹو:فائل

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ اور رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کے علاج کے لیے اپنا حق مانگ رہے ہیں کوئی احسان نہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ کس قانون میں لکھا ہے جرم کراچی میں ہو اور ٹرائل راولپنڈی میں، آصف زرداری اور فریال تالپور پرالزامات کا تعلق سندھ سے ہے تاہم تاریخ میں پہلی بار مبینہ جرم کا ٹرائل کسی اور صوبے میں ہورہا ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی صوبہ سندھ کے کیسز باہر کیوں منتقل کیے گئے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ 6 مہینے ہونے کو آئے ہیں لیکن کیس چلا نہیں اور آصف زرداری کو جیل میں رکھا ہوا ہے، آصف زرداری کے علاج کے حوالے سے اپنا حق مانگ رہے ہیں کوئی احسان نہیں، ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ انہیں جیل سے آزاد کرکے بیرون ملک بھیج دیں تاہم پیپلزپارٹی کو دباؤ میں لانے کے لئے یہ سب کیا جارہا ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا کہ انصاف کے انوکھے پیمانے صرف پیپلزپارٹی کے لیے کیوں بنائے جاتےہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ پی ٹی آئی کے کیسز ان کے متعلقہ صوبوں میں چلے اور ہمارے لیے پیمانہ دوسرا ہو، یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ہمارے صوبے کی جیلوں پر اعتماد نہیں جب کہ دوسرے صوبوں میں انصاف کا نظام بااعتماد نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔