وزیراعظم کی فارن فنڈنگ کیس میں حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت

اپوزیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے، وزیراعظم


ویب ڈیسک November 25, 2019
اپوزیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس کے حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں اٹارنی جنرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ترجمانوں کو بریفنگ دی اور معاشی ٹیم کی معیشت میں حاصل کامیابیوں پر بھی ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو کیس کے قانونی پہلوؤں کی تفصیل سے آگاہ کیا جائے، اپوزیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے، ہم نے الیکشن کمیشن میں سب تفصیلات جمع کروائی ہیں۔

اپوزیشن کی اے پی سی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے اپوزیشن کے احتجاج کو مسترد کردیا، اب اپوزیشن اپنی خفت مٹانے کے لیے اے پی سی اور احتجاج کررہی ہے، اپوزیشن عوامی حمایت کھوچکی اب 4 سال انتظار کرے، دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کل ممنوعہ فنڈنگ کیس پر پریس کانفرنس کریں گے، وفاقی وزیر اسد عمر اور فرخ حبیب کل پریس کانفرنس کریں گے جس میں فارن فنڈنگ کیس کے قانونی پہلوؤں سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں