اسلام آباد فائرنگ واقعہ پولیس اور رینجرز کے خلاف ملزمہ کنول کی درخواست خارج

ملزمہ کی جانب سے عدم پیروی کے باعث عدالت نے درخواست خارج کردی ۔

ملزمہ کنول نے پولیس اور رینجرز کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست دائرکی تھی فوٹو: فائل

مقامی عدالت نے جناح ایونیو فائرنگ واقعے کی ملزمہ کنول کی جانب سے پولیس اور رینجرز کے خلاف درخواست خارج کردی۔



ملزمہ کنول کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج واجد علی کی عدالت میں ہوئی۔ ملزمہ کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جناح ایونیو کے قریب فائرنگ کرنے والے ملزم سکندر کے خلاف کسی بھی قسم کا ہتھیار استعمال نہ کرنے کی واضح ہدایات دی تھیں لیکن ان کی ہدایات کی حکم عدولی کرتے ہوئے سکندر پر گولی چلائی گئی، اس لئے عدالت جائے وقوعہ پر موجود پولیس اور رینجرز اہلکاروں اور حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے، ملزمہ کی جانب سے درخواست تو دائر کی گئی تاہم پیروی نہیں کی گئی جس پر عدالت نے درخواست خارج کردی ۔


واضح رہے کہ چند ماہ قبل ملزم سکندر اور اس کی بیوی نے اسلام آباد کی انتہائی اہم علاقے جناح ایونیو کو کئی گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا تھا تاہم 6 گھنٹوں بعد پولیس اور رینجرز سکندر پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکے تھے۔


Load Next Story