پاکستان کرکٹ بورڈ کا بال ٹیمپرنگ تنازعے پر آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ

بال ٹیمپر کرنے کی غلطی پر شاہد آفریدی اور ڈوپلیسی کی سزا میں بہت بڑا تضاد ہے، قائم مقام چیرمین نجم سیٹھی

آئی سی سی کو لکھے جانے والے خط میں میچ ریفری کے ڈوپلیسی پر میچ فیس کا صرف 50 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے حوالے سے وضاحت طلب کی جائے گی، نجم سیٹھی فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بال ٹیمپرنگ کے تنازعے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی کے قائم مقام چیرمین نجم سیٹھی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بال ٹیمپر کرنے کی غلطی پر شاہد آفریدی اور ڈوپلیسی کی سزا میں بہت بڑا تضاد ہے لہٰذا اس حوالے سے آئی سی سی کو خط لکھا جائے گا جس میں ان سے میچ ریفری کے ڈوپلیسی کو میچ کا صرف 50 فیصد جرمانے کی سزا دینے کے حوالے سے وضاحت طلب کی جائے گی اور ریفری کے اس فیصلے پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آخری سیشن میں ایک موقع پر فاف ڈوپلیسی واضح طور پر بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے دکھائی دیئے جس پر آئی سی سی کے قوانین کے تحت پاکستانی ٹیم کو 5 پینلٹی رنز دیئے گئے تھے اور آج ڈوپلیسی پر سزا کے طور پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تاہم اس کے بعد بھی جنوبی افریقن کھلاڑی اس حرکت سے باز نہ آئے اور آج مورنے مورکل بھی بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے۔
Load Next Story