مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 3 نوجوان شہید

سرچ آپریشن کے دوران خواتین کی بیحرمتی، بزرگوں کی تذلیل،بچوں کو ڈرایا دھمکایا گیا اور 4 نوجوانوں کو گرفتارکیا گیا

تینوں نوجوانوں کو ضلع پلواما میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

قابض بھارتی فوج نے ایک بار پھر ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلواما میں سرچ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا، بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے منع کردیا اور شہید ہونے والوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی مذموم کوشش کی۔


عینی شاہدین اور علاقہ مکین قابض بھارتی فوج کے دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور پر امن مظاہر کیا جسے سبوتاژ کرنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جب کہ پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس کی زد میں آکر درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، خواتین کی بے حرمتی، بزرگوں کی تذلیل اور بچوں کو ڈرایا دھمکایا جب کہ قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر 4 نوجوانوں کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔
Load Next Story