مہنگائی کی ذمہ دار کونسی حکومت ہے اس کے تعین کیلیے سپریم کورٹ جائیں گے چوہدری شجاعت

وہ سیاستدان جو عوام کو امیدیں دلا کر دھوکہ دے رہے ہیں ان کو بے نقاب کرنا چاہئے، سربراہ (ق) لیگ


ویب ڈیسک November 26, 2019
جو جماعت ملک کے مفاد میں جو بھی قدم اٹھائے گی اس کا ساتھ دیں گے، صدر مسلم لیگ (ق)

صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں ہیں یا موجودہ اس کے تعین کیلیے سپریم کورٹ جائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ جنرل مشرف والا معاملہ کھولنے کا کیا فائدہ؟ عوامی فلاح کے بجائے نئے گورکھ دھندوں میں نہ پڑیں، پرویزمشرف کا کیس پانچ سال سے زائد عرصہ سے چل رہا ہے اور مزید پانچ سال تک چلتا رہے گا پھر بھی عوام کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور نہ ہی مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر خرابیوں کا خاتمہ ہو گا، ٹماٹر جس بھاؤ اب مل رہے ہیں کیا پانچ سال بعد ان حرکات کی وجہ سے سستے ہو جائیں گے؟۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاملات خرابی کی جس سطح پر پہنچ گئے ہیں اس کا اصل ذمہ دار کون ہے پچھلی حکومتیں یا موجودہ حکومت، تمام سیاستدان جو عوام کو امیدیں دلا کر دھوکہ دے رہے ہیں ان کو بے نقاب کرنا چاہئے، ہم بھی معاملات کی خرابی کے اصل ذمہ داروں کے تعین کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے پر اپنے قانونی ماہرین سے مشورہ کر رہے ہیں۔

صدر (ق) لیگ نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی یا دھرنا کلچر جس میں ہماری پارٹی بھی شامل تھی کے بجائے سب مل کر کسی بھی طریقے سے ملک کو اس دلدل سے باہر نکالیں، جو بھی پارٹی ملک کے مفاد میں جو بھی قدم اٹھائے گی ہم اور ہماری پارٹی سب چیزوں کو بھول کر ملکی مفاد میں اقدام کرنے والوں کا ساتھ دے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں