پلاننگ کمیشن کوفعال بنانے کیلیے تجاویزطلب کرلیں افتخارملک

نجی شعبے کی ایڈوائزری کمیٹی میں نمائندگی سے قابل عمل پالیسیاں بنائی جا سکیں گی, افتخار ملک

پہلی دفعہ نجی شعبے کے 26 اراکین کو ایڈوائزری کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

منصوبہ بندی کمیشن کیلیے تشکیل دی گئی اعلیٰ اختیارات کی ایڈوائزری کمیٹی میں پہلی مرتبہ نجی شعبے کو 50 فیصد نمائندگی دی گئی ہے۔

جس کا مقصد ملک میں تیز رفتار اقتصادی ترقی کیلیے قابل عمل قومی پالیسیاں وضع کرنا ہے۔ ایڈوائزری کمیٹی کے ممبر اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار علی ملک نے بتایا کہ معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلیے پہلی دفعہ نجی شعبے کے 26 اراکین کو ایڈوائزری کمیٹی میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں بھی نجی شعبے کو ایڈوائزری کمیٹی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی طرف سے ایڈوائزری کمیٹی میں شامل کیے گئے اراکین کے وسیع تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کے خاتمے اور شرح نمو بڑھانے کیلیے حکومت تاجر برادری کے اعتماد کی بحالی کیلیے پرعزم ہے۔




افتخار علی ملک نے کہا کہ ملک بھر کی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے تجاویز مانگی گئی ہیں تاکہ ایڈوائزری کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ان تجاویز کو زیر بحث لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور پنجاب کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ہمیشہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی ہے اورنجی شعبے کو ایڈوائزری کمیٹی میں نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن کو مزید فعال اور بہتر بنانے کیلیے تمام متعلقہ شراکت کی تجاویز اور آرا کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نجی شعبے کو ایڈوائزری کمیٹی میں شامل کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کی تکمیل کر دی گئی ہے۔
Load Next Story