فرنچائزز کو ’’گیٹ منی‘‘ سے زیادہ حصہ نہیں مل سکے گا

گورننگ بورڈ نے تجویز مسترد کردی، دیگر مراعات پر عمل درآمد بھی خطرے میں

فیس کے چیک جمع نہ کرائیں، مزید وقت دیں، کئی ٹیموں کی بورڈ سے درخواست (فوٹو: فائل)

لاہور:
پی ایس ایل فرنچائزز کو ''گیٹ منی'' سے زیادہ حصہ نہیں مل سکے گا جب کہ گورننگ بورڈ نے اس حوالے سے تجویز مسترد کردی۔

چند ماہ قبل پی سی بی نے اس بات پر اتفاق کر لیا تھا کہ ہوم گراؤنڈز پر ہونے والی پی ایس ایل میں''گیٹ منی '' کا70 فیصد فرنچائزز کو ہی دیا جائے گا، باقی30 رقم بورڈکو ملے گی، ابھی60فیصد فرنچائزاور40 فیصد پی سی بی کا حصہ ہوتا ہے، ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں لاہور میں منعقدہ اجلاس کے دوران گورننگ بورڈ نے یہ تجویز مسترد کر دی، ارکان کے مطابق ٹیموں کو ملنے والا موجودہ شیئر ہی مناسب ہے۔


ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ متواتر مطالبات کرنے والی فرنچائزز کو سبق سکھانے کیلیے ایسا کیا گیا، حکام دھمکی آمیز رویے سے ناخوش تھے اس لیے گورننگ بورڈ کی آڑ میں یہ قدم اٹھایا، گذشتہ دنوں طے ہونے والی دیگر مراعات پر عمل درآمد بھی خطرے میں ہے۔

واضح رہے کہ آمدنی میں حصہ بڑھانے سمیت کئی معاملات پر بورڈ اور فرنچائزز میں اختلافات ہیں، اس حوالے سے چند روز قبل خاصی سخت ای میلز کا تبادلہ بھی ہوا، مالکان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔

ادھر ذرائع نے مزید بتایا کہ کئی فرنچائزز نے بورڈ سے ایڈوانس میں دیے گئے فیس کے چیک جمع نہ کرانے کی درخواست کرتے ہوئے مزید وقت مانگ لیا ہے، وہ تاخیر کی وجہ سے لگنے والا جرمانہ بھرنے کو بھی تیار ہیں۔ واضح رہے کہ ایونٹ قریب آنے کے باوجود تاحال پی سی بی معاملات کو سنبھال نہیں پا رہا ہے۔
Load Next Story