تاجروں کواغوا کاروں وبھتہ خوروں سے نجات دلائی جائےعتیق میر

بھتے و اغوا کے واقعات ٹمبر ، شیرشاہ ،ماربل مارکیٹ اور اولڈ سٹی ایریا میں ہورہے ہیں،چئیرمین آل کراچی تاجر اتحاد


Business Reporter October 27, 2013
مارکیٹوں سے سیکیورٹی واپس لینے پر بھتہ خور دکانوں پر بم وکریکر حملے کرنے لگے فوٹو: فائل

شہر کے اہم تجارتی اور کاروباری حیثیت کے حامل تجارتی علاقے ٹمبر مارکیٹ، شیرشاہ کباڑی مارکیٹ، ماربل مارکیٹ اور اولڈ سٹی ایریا کے تاجروں کو اغوا کاروں اور بھتہ خوروں کے چنگل سے نجات دلائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے تاجروں کے اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سے مطالبے میں کیا انھوں نے کہا کہ شہر میں بھتے اور اغوا کے80 فیصد واقعات مذکورہ مارکیٹوں میں ہورہے ہیں، تاجروں کو تحفظ فراہم کیے بغیر آپریشن بے مقصد ہوجائے گا، انتظامیہ کی یقین دہانیوں کے باوجود جرائم سے متاثرہ مارکیٹوں میں سیکوریٹی کی عدمِ فراہمی سے تاجروں کا اداروں پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔

تاجروں کے اجلاس میں میں انھیں بھتہ اور اغوا برائے تاوان سے متاثرہ مارکیٹوں کے عہدیداران زاہد ملک، بدر اقبال، عبدالحمید بگلہ، شیخ محمد عالم، احمد شمسی، بلال شیخ نے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ سے تجارتی علاقوں سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے جس سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند اور خوف و خطر کے بغیر مارکیٹوں میں دندنارہے ہیں اور بے دھڑک تاجروں سے بھتہ وصول کررہے ہیں ان علاقوں میں اغوا برائے تاوان کا سلسلہ بھی جاری ہے، جرائم پیشہ دکانوں اورگوداموں پر بم اور کریکر حملے کررہے ہیں۔



عتیق میر نے کہا کہ کراچی میں کامیابی سے جاری آپریشن کے باوجود مخصوص علاقوں میں اغوا برائے تاوان کا نیٹ ورک قائم ہے، بھتہ خوروں کے زیر استعمال لاتعداد غیر رجسٹر فون سمیں بھی تاجروں کیلیے وبالِ جان بنی ہوئی ہیں،انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ متاثرہ مارکیٹوں کے تاجروں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو ملزمان کے حوصلے بلند اور آپریشن بے کار ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پہلا موقع ہے کہ تاجر رہنما انتظامیہ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کررہے ہیں، انھوں نے آپریشن کے مثبت نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے اہم مرحلے پر تاجر احتجاج یا ہڑتال پر مجبور ہوئے تو سیکوریٹی اداروں کی حوصلہ شکنی ہوگی، انھوں نے سیکوریٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اغوا برائے تاوان اور بھتے سے متاثرہ مارکیٹوں میں سیکوریٹی کا انتظام کیا جائے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک جرائم سے متاثرہ مارکیٹوں میں پولیس اور رینجرز کی چوکیاں قائم کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں