250بلٹ پروف جیکٹوں کو قابل استعمال بنا دیا گیا

جیکٹوں کو اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کرایا گیا،5لاکھ روپے خرچہ آیا، ایس ایس پی سینٹرل


Staff Reporter October 27, 2013
ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی بلٹ پروف جیکٹ کا معائنہ کر رہے ہیں ۔ فوٹو : عرفان علی / ایکسپریس

دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل پولیس افسران و اہلکاروں کو اہدافی قتل (ٹارگٹ کلنگ )کا نشانہ بنائے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ایس ایس پی سینٹرل نے اپنی مدد آپ کے تحت200 سے زائد بلٹ پروف جیکٹوں کو مرمت کے بعد قابل استعمال بناتے ہوئے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانوں میں تقسیم کر دیں۔

پولیس اہلکاروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ دوران گشت بلٹ پروف جیکٹ کا استعمال یقینی بنائیں، جیکٹوں کی مرمت پر5لاکھ روپے خرچہ آیا ہے، ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی نے بتایا کہ محکمے پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی بلٹ پروف جیکٹس استعمال کے باعث خراب ہوگئی تھیں جنھیں انھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کرا کر دوبارہ قابل استعمال بنوایا ہے۔



انھوں نے بتایا کہ 250 بلٹ پروف جیکٹس کی مرمت پر 5 لاکھ روپے خرچہ آیا ہے جو انھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کیا ہے ، انھوں نے بتایا کہ قابل استعمال بنائی جانے والی بلٹ پروف جیکٹس کو ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانوں میں تقسیم کر دیا جس میں فی تھانہ 15 جیکٹ دی گئی ہیں جبکہ ان کی ضرورت فی تھانہ 50 بلٹ پروف جیکٹس ہیں ، انھوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے خصوصی ہدایت جاری کی ہیں کہ پولیس افسران و اہلکاروں دوران گشت بلٹ پروف جیکٹ کا ضرور استعمال کریں تاکہ کسی بھی غیر معمولی واقعہ میں جانی نقصان کا اندیشہ کم سے کم ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں