چوہدری شوگرملز نوازشریف کے بھتیجے یوسف عباس نے درخواست ضمانت دائر کردی

عدالت درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرئے، درخواست گزار

عدالت درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرئے، درخواست گزار، فوٹو: فائل

چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ میں گرفتار سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس نے ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ شریف فیملی ایک کاروباری خاندان ہے اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے،درخواست گزار کو نیب چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ انکوائری میں گرفتار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوسف عباس شریف کو حج پر جانے سے روک دیا گیا


درخواست میں کہا گیا ہے کہ چوہدری شوگر ملز سمیت شریف فیملی کے دیگر کاروبار پر جی آئی ٹی نے 10 جلدوں پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی، نیب نے 19 جولائی 2019 کو کال اپ نوٹس بھیجا جس کا مکمل جواب دیا جب کہ 8 اگست کو میاں نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل ملنے گیا تو نیب نے گرفتار کر لیا۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نیب کی حراست میں 48 دن جسمانی ریمانڈ پر رہا لیکن کوئی شواہد عدالت پیش نہیں کیے گیے، نیب نے 410 ملین کی رقم کا الزام لگایا جبکہ اس کا تمام ریکارڈ موجود ہے اور تمام رقم بنکنگ چینل سے پاکستان آئی اور اس پر ٹیکس بھی دیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرئے۔
Load Next Story