مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کی واپسی کیلیے درخواست دائر

درخواست میں چیف سیکریٹری، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کو فریق بنایا گیا ہے


Staff Reporter October 27, 2013
سیاسی مخالفین کے ایما پر مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کو قتل کیا گیا، درخواست گزار۔فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مہاجر قومی موومنٹ نے کراچی میں نوگوایریاز کے خاتمے اور کارکنوں کی بحفاظت گھروں کوواپسی کے لیے درخواست دائر کردی۔

آفتاب حسن سمیت50درخواست گزاروں نے کراچی بدامنی کیس میں فریق بننے کے لیے درخواست میں چیف سیکریٹری،ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کو فریق بنایا ہے، متفرق درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین کے ایما پر مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کو قتل کیا گیا، قائدین اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے۔



درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے 1200 خاندان بے گھر ہیں جنھیں اپنے گھروں میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی،مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کے خلاف غیر انسانی سلوک بند کیا جائے اور انھیں اپنے گھروں میں جانے کی اجازت دی جائے جو کہ ان کا بنیادی حق ہے، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیاہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور نو گوایریاز سے متعلق ازخود نوٹس لیا مگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے عدالت میں غلط بیانی کررہے ہیں۔

شہر میں آج بھی نوگوایریاز موجود ہیں اور مہاجر قومی موومنٹ کے کارکن اپنے گھروں سے محروم ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ہفتہ کو درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے مہاجرقومی موومنٹ کے ممبر کراچی کمیٹی آفتاب حسن اور دیگر نے کہاکہ کراچی میں نوگوایریاز موجود ہیں اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے عدالت عظمیٰ کو مسلسل گمراہ کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔