آرمی چیف مدت ملازمت معاملہ عدالتی اعتراضات دور کرنے سے متعلق نیا مسودہ تیار

وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لیے جانے کا امکان


ویب ڈیسک November 27, 2019
وزیراعظم کا موجودہ صورتحال پر قوم سے خطاب کا امکان

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق وفاقی حکومت نے عدالتی اعتراضات دور کرنے سے متعلق نیا مسودہ تیار کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا جس میں وفاقی کابینہ کے سینیئر ارکان، قانونی ٹیم، وزارت قانون کے نمائندے اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما بابراعوان، فروغ نسیم اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ بھی شریک تھے۔

 

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کی آج کی سماعت پر مشاورت کی گئی اور قانونی ٹیم وزیراعظم اور کابینہ کو سماعت سے متعلق بریفنگ دی جب کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم کا قوم سے خطاب کا بھی امکان


ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی اعتراضات دور کرنے سے متعلق ڈرافٹ تیارکرلیا گیا ہے اور وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لیے جانے کا امکان ہے جب کہ موجودہ صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کا بھی امکان ہے۔

'' مدت ملازمت میں توسیع سیکیورٹی صورتحال دیکھ کرکی ''


اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سینئیر وزراء نے ملاقات کی جس میں موجود صورتحال پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سیکیورٹی صورتحال دیکھ کرکی تاہم حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے، دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس کا فیصلہ کریں گے، ملک میں ہیجانی کیفیت نہیں ہونی چاہیے اور ابہام دور ہونا چاہیے، ہمیں پاک فوج کا بہت احترام ہے لیکن پاک فوج کو پتا تو ہو ان کا سربراہ کون ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں