مذاکرات پر اعتماد میں لیں خورشید شاہ کا وزیر اعظم کو خط

اے پی سی کو ڈیڑھ ماہ ہوچکا، فیصلوں پرعمل نہیں ہوا، عوام کو ریلیف دیا جائے،قائد حزب اختلاف


اپوزیشن عوام کو ریلیف دینے کیلیے حکومت کے ساتھ تعاون پر تیار ہیں،اپوزیشن لیڈر۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعظم نوازشریف کو خط لکھا ہے۔

جس میں مطالبہ کیا ہے کہ طالبان سے مذاکرات پر تمام سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔ اپنے خط میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اے پی سی ہوئے ڈیڑھ ماہ ہوچکا، طالبان سے مذاکرات پر ابھی کچھ نہیں بتایا گیا جبکہ فیصلوں پر ابھی تک عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا؟۔ اس حوالے سے پارلیمنٹ اور قوم کو اعتماد میں لیا جائے کہ حکومت نے اس پر کیا پیش رفت کی ؟۔ ملک مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔



یہ بھی بتایا جائے کہ مذاکرات کیوں شروع نہیں کیے گئے؟۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم پر مکمل عملدرآمد نہیں ہورہا، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، اپوزیشن عوام کو ریلیف دینے کیلیے حکومت کے ساتھ تعاون پر تیار ہے۔ وزراء ایوان میں نہ آ کر پارلیمنٹ کی توہین کررہے ہیں،ان کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں