آرمی چیف کی مدت ہمارا اندرونی مسئلہ ہے اس سے بھارت کا کوئی تعلق نہیںچوہدری شجاعت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک باصلاحیت اور قابل جرنیل ہیں جن کی قوم کو اشد ضرورت ہے، صدر مسلم لیگ (ق)

آرمی چیف کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کی پاکستانی قوم اور پوری دنیا معترف ہے،چویدری شجاعت فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملہ پر بھارت کیوں خوفزدہ ہے۔

لاہور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار کی تقرری ایک باقاعدہ نظام کے تحت ہوتی ہے اور اس کے قانونی پہلو سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر بحث ہیں لیکن پوری قوم کو حیرانی ہے کہ بھارتی میڈیا اس مسئلے کو سامنے رکھ کر پاکستان کی حکومت، فوج اور عدلیہ کو حسب معمول تنقید کانشانہ بنارہا ہے، یہ ہمارا اندرونی مسئلہ ہے اور اس سے بھارت یا کسی بھی اور ملک کا کوئی تعلق نہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہماری پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے، جنہوں نے مشکل حالات میں پاکستان میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔


مسلم لیگ (ق) کے صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اگر اس نے پاکستان کے خلاف کوئی غلط اندازے لگائے تو وہ گہرا اور ناقابل تلافی نقصان اٹھائے گا، پاکستان کی افواج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو نہ صرف ناکام بنایا ہے بلکہ کشمیری قوم کو نیا حوصلہ اور جذبہ دیا ہے کہ ان کی آزادی کے دن بہت قریب ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان قوم یہ سمجھتی ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کے ساتھ مل کر ملک بھر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جس سے لوگوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے اس کردار کا اعتراف کیا گیا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن اور سلامتی کے لئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

صدر (ق) لیگ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ، وزیر اعظم عمران خان کے اس فیصلہ کی مکمل حمایت کرتی ہے جس کی تحت انہوں نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع دی وہ ایک باصلاحیت اور قابل جرنیل ہیں جن کی قوم کو اشد ضرورت ہے۔
Load Next Story