اٹلس ہنڈا نے ملک میں موٹر سائیکل کی فروخت کا نیا ریکارڈ بنا لیا

ہنڈا نے رواں برس 7 لاکھ سے زائد موٹرسائیکل فروخت کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، نیشنل منیجر اٹلس ہنڈا


ناصر محمود شیخ October 27, 2013
امریکا اور برطانیہ کی طرح 16 سال سے18 سال کی عمر کے نوجوانوں کو جونیئرڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں، نیشنل منیجر اٹلس ہنڈا۔ فوٹو : فائل

حکومت پنجاب کی جانب سے موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کے وقت ہیلمٹ خریداری کی رسید دکھائے جانے کو لازمی قرار دینے کا آرڈیننس خوش آئند ہے۔اس سے موٹر سائیکل چلانے والوں میں ہیلمٹ کے استعمال کو ترغیب ملے گی۔

روزنامہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کے نیشنل منیجر زاہد سلیم اور سیفٹی منیجر تسلیم شجاع نے بتایا کہ ہنڈا کو مارکیٹ لیڈر کی حیثیت حاصل ہے اس سال7 لاکھ سے زائد موٹرسائیکل فروخت کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیاہے۔ ادارے نے ہمیشہ سے اپنے کسٹمرز کی کیئر کے حوالے سے بہترین اقدامات کیے' روڈ سیفٹی کے حوالے سے ملک بھر میں باقاعدگی سے تقریبات منعقد کی جاتی ہیں تاکہ روڈ ایکسیڈنٹ کی شرح کو کم سے کم کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اسلام آباد میں ٹریفک نظام کی بہتری کیلیے خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اسی طرح کے اقدامات چاروں صوبوں میں ہونا چاہئیں تاکہ حادثات میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کو کم سے کم کیا جائے۔



انھوں نے ممبران قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ نیا قانون لائیں جسکے تحت امریکا اور برطانیہ کی طرح 16 سال سے18 سال کی عمر کے نوجوانوں کو جونیئرڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں تاکہ موٹرسائیکلوں پر اسکولوں اورکالجز جانے والے طلبا لائسنس کے حصول کے بعد اطمینان سے ڈرائیونگ کر سکیں۔ عام طور پر ہمارے نوجوان ٹریفک پولیس کو دیکھ کر بدحواس ہو جاتے ہیں اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ جونیئر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا سے نوجوانوں کو اطمینان حاصل ہو گا اور حادثات کی شرح میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوانوں کوا عتماد ملے گااور حکومت کے ریونیو میں بھی بہت اضافہ ہو گا۔ زاہد سلیم نے بتایا کہ روزنامہ ''ایکسپریس'' اور اٹلس ہنڈا کے اشتراک سے نومبر میں ملتان' وہاڑی' فیصل آباد میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے نوجوانوں میں قوانین پر عمل کا شعور اجاگر کرنے کیلئے تقریبات منعقد ہونگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں