لیاری میں گینگ وار کے آخری ملزم کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہےگاترجمان رینجرز

لیاری کی کشیدہ صورتحال پر رینجرز ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس،ڈی جی رینجرزاورایڈیشنل آئی جی کراچی کی شرکت


ویب ڈیسک October 27, 2013
لیاری آپریشن کو نئی حکمت عملی کے تحت از سرنو شروع کیا جائے گا ،ترجمان رینجرز۔ فوٹو:فائل

لیاری کی کشیدہ صورتحال پر پولیس اور رینجرز کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ڈی جی رینجرز اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان رینجرز نے بتایا کہ لیاری کی کشیدہ صورتحال پر رینجرز ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا،اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن پر اتفاق کیا گیا اور گینگ وار کے آخری ملزم کی گرفتاری تک آپریشن کو جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن کو نئی حکمت عملی کے تحت از سرنو شروع کیا جائے گا جس میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری حصہ لے گی۔اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ لیاری کی تنگ گلیوں میں جہاں گینگ وار کے ملزمان موجود ہیں ان علاقوں میں کس طرح آپریشن کو تیز کیا جائے۔نمائندہ ایکسپریس کے مطابق لیاری میں بڑے آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور اس آپریشن کے دوران سول انتظامیہ علاقہ مکینوں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرے گی۔جبکہ اجلاس کے بعد ڈی جی رینجرز اور ایڈیشنل آئی جی نے لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔واضح رہے کہ لیاری میں گزشتہ دو دنوں سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور گینگ وار کے حملوں میں اب تک 13 سے زائد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں