پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے عمران خان

عوام تبدیلی کیلیے تیار رہیں، تحریک انصاف اقتدار میں آکر ظلم کا حساب لے گی.


Numainda Express September 02, 2012
عوام تبدیلی کیلیے تیار رہیں، تحریک انصاف اقتدار میں آکر ظلم کا حساب لے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیںاضافے کوظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ این آر او ڈیل کے تحت اقتدار حاصل کرنے والوں کا عوامی مسائل سے کوئی تعلق نہیں،وہ کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا سیلاب آئے گا جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں،کچھ لوگ دہشت گردی سے مر رہے ہیں اور باقی افراد کی کمر مہنگائی سے توڑی جا رہی ہے۔

ساڑھے چار سالہ بدترین طرز حکمرانی کے باعث ملکی معیشت اور ترقی کو تاریخ ساز نقصان پہنچا ہے،بجلی اور گیس کے بحران نے لاکھوں افراد کو بے روزگار کردیا جبکہ دوسری طرف مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ظلم کے نظام کے خاتمے تک ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنا ممکن نہیں،عوام ملک میں تبدیلی کے لیے تیار رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں