ISLAMABAD:
بروکلن میں مسلح شخص نے چاقو کے وار کرکے 4 بچوں سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا، پولیس نے مبینہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔
امریکی اخبار کے مطابق ہفتے کی رات نیویارک کے علاقے بروکلن میں سن سیٹ پارک کے قریب ایک اپارٹمنٹ میں نامعلوم مسلح شخص نے چاقو کے وار کرکے 18 ماہ کے بچے سمیت 4 بچوں اور ایک 30 سالہ خاتون کو قتل کردیا۔ ہلاک ہونے والے 3 بچوں کی عمریں 6 سے 9 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کےلئے اسپتال منتقل کردی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہےکہ چاقو کے وار کرنے والے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے حراست میں لئے جانے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ حملہ آور حادثہ میں ہلاک ہونے والی خاتون اور بچوں کا رشتہ دار ہوسکتا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے قبل کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔