بدامنی کی وجوہات کو جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے فاروق ستار

بدامنی کے خاتمے کیلئے حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہیں، ہماری جہاں ضرورت ہوگی ہم وہاں موجود ہوں گے، فاروق ستار

میڈیا سے گزارش ہے سیاسی رابطوں اور سیاسی مکالموں سے بہتر نتائج کی توقع کریں اور انہیں خوش آئین سمجھیں، فاروق ستار فوٹو؛ایکسپریس نیوز

FAISALABAD:
ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ بدامنی کی وجوہات کو جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے، امن کےلئے حکومت سے تعاون کوتیار ہیں۔


کراچی میں ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کے پارلیمانی رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا جب تک بدامنی کے مرض کو جڑ سے اکھاڑ کر نہیں پھینک دیا جاتا۔ اگر ہم اس کا علامتی علاج کریں گے تو وقتی طور پر تو آرام رہے گا لیکن کچھ عرصے بعد مرض دوبارہ واپس آجائے گا۔ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس لئے مشاورت ضروری ہے، اس سلسلے میں ہماری جہاں ضرورت ہوگی ہم وہاں موجود ہوں گے۔

پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے درمیان عجمان میں ہونے والی ملاقات سے متعلق فاروق ستار کا کہنا تھاکہ میڈیا سے گزارش ہے کہ سیاسی رابطوں اور سیاسی مکالموں سے بہتر نتائج کی توقع کریں اور انہیں خوش آئین سمجھیں۔ جب لوگ آپس میں بیٹھیں گے تو کوئی راستہ نکالیں گے اور اگر ان رابطوں کو کوئی معنی پہنا دیا جائے کہ صوبائی حکومت میں جارہے ہیں یا وفاقی حکومت میں جارہے ہیں تو اس قسم کی قیاس آرائیوں سے رابطوں کی اہمیت ختم ہوجاتی ہے۔
Load Next Story