حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 11 پیسے اضافے کی منظوری دے دی

300 یونٹس ماہانہ استعمال کرنے والے دو کروڑ گھریلوصارفین پر نوٹیفکیشن کا اطلاق نہیں ہو گا


ویب ڈیسک November 28, 2019
60 لاکھ صارفین کے لیے7 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہو گا۔ فوٹو:فائل

حکومت نے یکم دسمبر2019 سے اگلے ایک سال کے لیے بجلی کی فی یونٹ پر 11 پیسے وصولی کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ای سی سی نے رواں مالی سال2019-20کی پہلی سہہ ماہی کے لیے نیپرا کی منظور شدہ 15 پیسے فی یونٹ سہہ ماہی اضافہ میں سے 11 پیسے فی یونٹ اضافی وصولی کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم دسمبر2019 سے اگلے ایک سال کے لیے ہوگا۔

ملک میں بجلی کے کل تین کروڑ صارفین میں سے 300 یونٹس ماہانہ استعمال کرنے والے دو کروڑ گھریلوصارفین پراس نوٹیفکیشن کا اطلاق نہیں ہو گا، جب کہ باقی ایک کروڑ صارفین میں 60 لاکھ صارفین کے لیے7 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہو گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مستقبل میں بجلی کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کو مزید جامع اور سہل بنانے کے لیے مشیر خزانہ و محصولات حفیظ شیخ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی، جس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق مخدوم خسرو بختیار،وزیر توانائی عمر ایوب خان،مشیر صنعت و پیداوار عبد الرزاق داوٴد اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر شامل ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔