پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 13 ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے سائٹ میٹروول، فرنٹیئر کالونی میں 3 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز نے 13 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرکے مختلف نوعیت کے 125 ہتھیار برآمد کرلئے جن میں شاٹ گن، سب مشین گن، رائفلیں، پسٹل اور بڑی مقدار میں گولیاں شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز نے دعویٰ کیا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر اہم سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں اور ملزمان کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں اور کالعدم تنظیم سے ہے۔ سیکٹر کمانڈر سچل رینجرز سندھ کے مطابق علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی جانب سے پولیس و رینجرز اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیاجس کے خلاف آپریشن کیا گیا۔
سیکٹر کمانڈر سچل رینجرز سندھ بریگیڈیئر حامد شریف نے کہا کہ آپریشن کی وجہ سےجرائم پیشہ افراد پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنارہے ہیں تاہم اگر ہمیں جان بھی دینا پڑی تو دریغ نہیں کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ شریف آدمی ہی شہر میں رہے گا، جرائم پیشہ افراد یا تو بھاگ جائیں گے یا ختم ہوجائیں گے۔