بھارت کی پاکستانی پیاز کی بڑے پیمانے پر خریداری میں دلچسپی

برآمدکی حد یا پابندی عائد نہ ہونے کی صورت میں برآمد 2لاکھ ٹن تک پہنچ سکتی ہے


Business Reporter October 27, 2013
بھارت میں پیاز کی بھرپور طلب کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ایکسپورٹرز کو اس سال پاکستان سے پیاز کی ریکارڈ مقدار ایکسپورٹ ہونے کی توقع ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

نیشنل ایگری کلچر کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا کی جانب سے پیاز کی خریداری کے ٹینڈر میں درآمد کنندگان کی شمولیت کی اجازت کے بعد بھارتی درآمد کنندگان کی جانب سے پاکستانی پیاز کی بڑے پیمانے پر خریداری میں دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے۔

بھارت میں پیاز کی بھرپور طلب کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ایکسپورٹرز کو اس سال پاکستان سے پیاز کی ریکارڈ مقدار ایکسپورٹ ہونے کی توقع ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال سندھ کی فصل سے ایک سے ڈیڑھ لاکھ ٹن پیاز برآمد کیے جانے کی توقع ہے جو اب تک کی جانے والی سب سے زیادہ مقدار ہوگی گزشتہ سال پاکستان سے 85ہزار ٹن پیاز برآمد کی گئی تھی پاکستانی پیاز کے بڑے خریدار ملائیشیا اور دبئی ہیں اس سال بھارت میں بارشوں کی وجہ سے پیاز کی فصل کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بھارت بلکہ دبئی، سعودی عرب، ماریشس، ملائیشیا اور بنگلہ دیش میں پاکستانی پیاز کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے بھارت سے پیاز خریدنے والا بنگلہ دیش بھی اس سال پاکستان سے بھاری مقدار میں پیاز درآمد کررہا ہے سندھ کی فصل سے پیاز کی ایکسپورٹ 20اکتوبر سے شروع کی گئی اور اب تک 6سے 7ہزار ٹن پیاز برآمد کی جاچکی ہے۔



اس سے قبل بلوچستان کی فصل میں سے 35ہزار ٹن پیاز برآمد کی گئی تھی ایکسپورٹرز کے مطابق آنے والے دنوں میں بھارت کو پیاز کی برآمد میں اضافہ ہوگا کیونکہ بھارت کی سرکاری ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ٹینڈر 29اکتوبر کو کھولا جارہا ہے نجی درآمد کنندگان بھی بھارتی نیشنل ایگری کلچر کوآپریٹیو مارکیٹنگ فیڈریشن کیلیے پیاز درآمد کرسکیں گے بھارتی امپورٹرز کی بڑی تعداد پاکستان سے پیاز درآمد میں دلچسپی لے رہی ہے اس سال پاکستان کو پیاز کی قیمت 400ڈالر فی ٹن تک ملنے کی توقع کی جارہی ہے اس سے قبل پاکستانی پیاز 200سے 250 ڈالر فی ٹن تک ایکسپورٹ کی گئی تھی رواں سال پیاز کی برآمد سے 6کروڑ ڈالر تک زرمبادلہ ملنے کی توقع ہے بھارت میں کھپت بڑھنے، پاکستانی حکومت کی جانب سے برآمد کی حد مقرر کرنے یا پابندی عائد نہ ہونے کی صورت میں پاکستان سے پیاز کی برآمد 2لاکھ ٹن تک پہنچ سکتی ہے جس سے برآمدات کی مالیت بھی 8کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیگی۔ سندھ کی فصل اکتوبر سے فروری تک رہتی ہے پاکستانی پیاز اور بھارتی پیاز کا ذائقہ ایک ہونے کی وجہ سے چین اور ایران کے مقابلے میں بھارتی منڈی میں پاکستانی پیاز زیادہ مقبول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں