الیکشن کمیشن اپنا وجود کھونے سے پہلے عوام کو مطمئن کرے مولانا فضل الرحمان

افواج پاکستان کی قیادت کو عدالتوں میں گھسیٹا گیا اور بے توقیر کیا گیا، سربراہ جے یو آئی


ویب ڈیسک November 29, 2019
حکمرانوں کو ان کے ہی آئینے میں چہرہ دکھانے کا وقت آگیا ہے، سربراہ جے یو آئی (ف) فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنا وجود کھونے سے پہلے عوام کو مطمئن کرے اور فارن فنڈنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے۔

کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ معیشت سمندر میں غرق ہورہی ہے اور حکمران عیاشیاں کررہے ہیں، ایک کروڑ نوکریاں دینے والے 400 ادارے بند کرنے جارہے ہیں، لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افواج پاکستان کی قیادت کو عدالتوں میں گھسیٹا گیا اور بے توقیر کیا گیا، ان کے پاس قانون ہے نہ قانونی چارہ جوئی کی اہلیت ہے، یہ جعلی پارلیمنٹ حساس قانون سازی نہیں کرسکتی، ووٹ کو چوری کرکے اقتدار پر قبضے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکمران جماعت اپنے احتساب سے فرار حاصل کررہی ہے، الیکشن کمیشن اپنا وجود کھونے سے پہلے عوام کو مطمئن کرے اور فارن فنڈنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو ان کے ہی آئینے میں چہرہ دکھانے کا وقت آگیا ہے، حکومت کی گرتی دیوار کو ایک دھکا دینے کی ضرورت ہے، عوام کا عزم ناجائز حکومت کا خاتمہ کرے گا، ہم نے یہ ملک جمہوریت اور عوام کے لیے حاصل کیا تھا، نئے انتخابات کے انعقاد اور حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں