آرمی چیف کو توسیع دینے کا فیصلہ وفاق پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے وزیر اعظم

سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست اور مافیا کو مایوسی ہوئی، وزیراعظم

اپنا پیسہ بچانے والے اس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہو گی، وزیراعظم ۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے فیصلے سے ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں قانونی ٹیم نے ترجمانوں کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت سے متعلق عدالتی فیصلے، کارروائی اور فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں عدلیہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے، عدالت عالیہ نے فیصلے کے ساتھ ہماری آئندہ کے لیے بھی رہنمائی کردی، پہلے اس طرح کے سوالات کبھی سامنے نہیں آئے، عدالت اور قانون کی رہنمائی میں آئندہ کے لیے قانون سازی ہوگی۔


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست اور مافیا کو مایوسی ہوئی اور اپنا پیسہ بچانے والے اس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہوگی، پی ٹی آئی جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے، قانونی ٹیم نے عدالت عظمی کو مطمئن کرنے میں اہم کرار ادا کیا عدالتی فیصلہ قانونی ٹیم کی کامیابی ہے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوابازی ڈویژن سے متعلق معاملات پر اجلاس ہوا، جس میں وزیر ہوابازی غلام سرور، وزیرِ بحری امورعلی زیدی، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، معاون خصوصی ذوالفقار بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی، سیکریٹری ہوا بازی شاہ رخ نصرت اور چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل ارشد محمود ملک و دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں ہوا بازی ڈویژن سے متعلق معاملات، پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز میں حالیہ اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل ارشد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی ائیرلائن میں اصلاحات کے خاطر خواہ ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، قومی ائیر لائنز کی پروازوں میں 47 پروازوں کا اضافہ کیا گیا ہے، دو نئے جہاز پی آئی اے فلیٹ میں شامل کیے گئے ہیں اور پی آئی اے کے ماہانہ خسارے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

پی آئی اے میں جاری اصلاحات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی بحالی اور اسے منافع بخش ادارہ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
Load Next Story