خصوصی پیکج کے ذریعے سجاول میں ترقیاتی کام کرائے جائینگے صوبائی وزیر بلدیات

نوجوانوں کو روزگار دیں گے،اویس مظفر، ٹراما سینٹر اور زیر تعمیر سڑکوں کا افتتاح ، بھورو بھیل واقعے کی رپورٹ طلب کرلی


Nama Nigaran October 28, 2013
سجاول کے عوام 6 ماہ میں ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کی ایک بڑی تبدیلی محسوس کریں گے۔سید اویس مظفر۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON: وزیر بلدیات سندھ سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ کے عوام کی خواہش پر سجاول کو ضلع بنا کر ہم نے وعدہ پورا کیا۔

جلد نئے ضلع میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سید اویس مظفر کا کہنا تھا کہ سجاول ضلع پیپلز پارٹی کی طرف سے عوام کے لیے تحفہ ہے، ہم نے الیکشن سے پہلے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردیا ہے، سجاول کیلیے خصوصی پیکج منظور کراکر یہاں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے، لوگوں کو صحت، تعلیم اور روڈز کی سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، جبکہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا، سجاول کے عوام 6 ماہ میں ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کی ایک بڑی تبدیلی محسوس کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ تمام تجاوزات ناجائز قبضوں کو ختم کرانے کے لیے ڈی سی ٹھٹھہ کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انھوں نے صحافیوں کے لیے صحافی کالونی بنانے کا بھی وعدہ کیا۔



سید اویس مظفر کا کہنا تھا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ وہ سجاول سے قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن میں حصہ لیں تاہم پارٹی جو فیصلہ کرے گی انھیں وہ قبول ہوگا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے تعلقہ اسپتال سجاول میں قائم ٹراما سینٹر کا افتتاح کیا، ان کا کہنا تھا کہ تعلقہ اسپتال کو جلد ڈسٹرکٹ اسپتال کا درجہ دلایا جائے گا۔ انھوں نے سجاول سے شاہ کریم، جاتی، چوہڑ جمالی تک تعمیر ہونے والی سڑکوں کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر سنیٹر عاجز دھامراہ، ایم پی ایز ریحانہ لغاری، محمد علی ملکانی، پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر ارباب وزیر احمد، صوبائی وزیر جام خان شورو، سابق صوبائی وزیر صادق علی میمن، غلام قادر ملکانی، پروین لغاری، بھی سید اویس مظفر کے ہمراہ تھے۔

سید اویس مظفر کی سجاول آمد کے موقع پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دریں اثناء سید اویس مظفر نے صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند عیسرانی کے ہمراہ پنگریو کے قریب گائوں کارو بھیل پہنچ کر بھورو بھیل کے ورثاء کے ساتھ ملاقات کی اور تعزیت کی۔ بھورو بھیل کے ورثاء نے صوبائی وزراء کو بتایا کہ انتظامیہ کی موجودگی میںبھورو بھیل کی لاش کو قبر سے نکالا گیا جو ان کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ انھوں نے بھورو بھیل واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے حکم پر یہاں آئے ہیں۔ سید اویس مظفر نے کہا کہ بھورو بھیل کا واقعہ ایک سازش لگتا ہے، انھوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد کو حکم دیا کہ 3 دن میں واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ انہیں دی جائے۔ اس موقع پر این اے کمال خان چانگ، ایم پی ایز حسنین مرزا، میر اللہ بخش، نواز چانڈیو اور ایم بھی ان کے ساتھ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں