ایڈیلیڈ ٹیسٹ آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں پاکستانی بلے باز ناکام

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں پر 96 رنز بنائے جب کہ اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا ہے

آسٹریلیا نے پاکستان کو برسبین ٹیسٹ میں ایک اننگز اور پانچ رنز سے ہرایا تھا فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 589 رنز کے جواب میں صرف 96 رنز بنائے ہیں اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کینگروز کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز تھا، ڈیوڈ وارنر 166 جب کہ مارنس لبوشین 126 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ مارنس لبوشین انفرادی اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔



ڈیوڈ وارنر نے اسٹیون اسمتھ کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ تیسری وکٹ کی شراکت کے دوران ہی وارنر نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ 490 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تیسری وکٹ ملی، شاہین کا تیسرا شکار اسٹیون اسمتھ بنے جنھوں نے 36 رنز بنائے۔

میتھیو ویڈ کے ہمراہ آسٹریلوی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے ٹرپل سنچری مکمل کی۔ آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 589 بناے کے بعد اننگز ڈکلیئر کردی۔ ڈویڈ وارنر 335 جب کہ میتھیو ویڈ 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔



ٹاپ آرڈر پھرناکام

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 3 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، امام الحق 2 رنز بناکر مچل اسٹارک کا شکار بنے، کپتان اظہر علی بھی شان مسعد کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکے اور 9 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کا شکار بنے۔ 22 رنز کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کریز پر اترے۔ 38 رنز کے جواب میں شان مسعود کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی، وہ 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔




69 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا، انہوں نے 9 رنز بنائے۔ 89 رنز کے مجموعی اسکور پر افتخار احمد کی شکل میں پاکستان کی پانچویں وکٹ گرگئی، اسی مجموعے پر محمد رضوان بھی چلتے بنے۔

 



کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے جب کہ اب بھی اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ کریز پر بابر اعظم کا ساتھ دینے یاسر شاہ موجود ہیں۔



وارنر پھر بچ نکلے

وارنر اس وقت 226 رنز پر کھیل رہے تھے کہ محمد موسیٰ نے ڈیوڈ وارنر کو بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ کرایا لیکن جب پیچھے مڑ کر دیکھا تو امپائر نو بال کا اشارہ کر رہے تھے۔ اس طرح ڈیوڈ وارنر کو نئی زندگی ملی اور اس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔



واضح رہے کہ 2 میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے، آسٹریلیا نے پاکستان کو برسبین ٹیسٹ میں ایک اننگز اور پانچ رنز سے ہرایا تھا۔



 
Load Next Story