حکومت اپنی نااہلی چھپانے کیلیے پاک فوج کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے احسن اقبال

حکومت کو ہاتھ پکڑ کر چلایا جارہا ہے اور ہاتھ چھوڑا جانے یہ گھٹنوں کے بل گرجاتی ہے، رہنما (ن) لیگ


ویب ڈیسک November 30, 2019
پاک فوج پی ٹی آئی کا نہیں قوم کا ادارہ ہے، احسن اقبال فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کیلیے پاک فوج کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ہاتھ پکڑ کر چلایا جارہا ہے، جب ہاتھ چھوڑا جانے یہ گھٹنوں کے بل گرجاتی ہے، ایسی حکومت کیسے ملک چلاسکتی ہے؟ تماشے لگا کر حکومتیں نہیں چلتی ، سپریم کورٹ 3 دن تک حکومت کی غلطیاں ٹھیک کرتی رہی۔ فوج کا ادارہ پی ٹی آئی کا نہیں قوم کا ہے، لگتا ہے حکومت اپوزیشن کو مشتعل کرکے چاہتی ہے کہ آرمی چیف کی مدت میں توسیع نہ ہو، وزراء آرمی چیف اور فوج کی بات کرتے ہیں، اپنی ناکامی اور نااہلی کو چھپانے کے لئے پاک فوج کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کریں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کا سفر ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، وزیر اعظم نے اپنی اقتصادی اور قانونی ٹیم کی کارکردگی سراہا ہے، بتایا جائے کہ کیا وزیراعظم نے مہنگائی میں اضافہ کرنے پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا؟ وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو کس بات کی شاباش دی؟ بتایا جائے کس کی رپورٹ پر وزیر صحت کو تبدیل کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایک سال میں چوتھی بار بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا،آج سرکاری دفاتر میں بے انتہا کرپشن ہورہی ہے، 12 لاکھ سے زائد لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، ہماری برآمدات میں 5 فیصد بھی اضافہ نہیں ہوا، ملکی معیشت کو جنوبی ایشیا کی سست ترین معیشت بنادیا، ترقی کی شرح 2 فیصد ہوگئی اور وزیراعظم مبارکباد دے رہے ہیں۔ سابق حکومت میں پاکستان کی کرنسی ایشیامیں مضبوط تھی، آج پاکستان کاروپیہ کمزورترین ہے۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، ہر ناکامی کا الزام افسروں پر لگایا جاتا ہے، قصور افسران کا نہیں وزیراعظم کا ہے، ڈرائیور اناڑی ہوگا تو پھر یہی حال ہوگا۔ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ ملک کیسے چلانا ہے، ملک کو تجربوں کی بنیاد پر چلارہی ہے، حکومت نے 100 سے زائد سینیئر افسران کا تبادلہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں