پی ایف یو جے الیکشن رانا عظیم صدر امین یوسف سیکرٹری جنرل منتخب

الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ساجد علی ساجد نے ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے سامنے نتائج کا اعلان کیا

کراچی:پی ایف یوجے کے انتخابات میں صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل امین یوسف کا بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد ممبران کے ہمراہ لیا گیا گروپ فوٹو۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) کے انتخابات میں رانا عظیم اور امین یوسف پینل نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے رانا عظیم صدر اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے امین یوسف سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ اس پینل کے امیدواردوسرے عہدوں پر بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ کراچی میں منعقدہ الیکشن کے بعد الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ساجد علی ساجد نے ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے سامنے نتائج کا اعلان کیا۔ بعدازاں نو منتخب فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم کی زیر صدارت ہوا جس میں متعدد فیصلے کیے گئے۔ جس کے تحت مندوبین کا آئندہ اجلاس بہاولپور میں جبکہ ایف ای سی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس سے یہ سفارش بھی کی جائے کہ وہ ان ارکان کے خلاف بھر پور کارروائی کرے جنھوں نے اپنے رویے اور کردار سے پی ایف یوجے اور کے یوجے کو شرمندہ کیا۔

پی ایف یوجے کے نو منتخب سیکریٹری جنرل امین یوسف کے مطابق اجلاس میں اس امر پر بھی افسوس ظاہر کیا گیا کہ ایک اینکر پرسن مشتاق منہاس اور ان کے ساتھ آئے عناصر نے کے یوجے کے سابق سیکرٹری حسن عباس پر قاتلانہ حملہ کیا اور ان پر بندوق سے وار کرنے کی کوشش کی اس کے علاوہ انتہائی پرتشدد رویہ اپناتے ہوئے تنظیم کو نقصان پہنچایا، اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ پی ایف یوجے کے کارکن تنظیم کے خلاف کی جانے والے سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اور اپنے اتحاد سے اسے ناکام بنادینگے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی اور جنرل سیکریٹری واجد رضا اصفہانی نے رانا عظیم اور امین یوسف کو صدر اور سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر ہے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کیلیے تنظیم کو مزید فعال بنائیں گے۔ کے یو جے صدر اور جنرل سیکریٹری نے رانا عظیم اور امین یوسف کے ساتھ کامیاب تمام ارکان کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔




علاوہ ازیں کے یو جے نے سابق جنرل سیکریٹری کراچی یونین آف جرنلسٹس حسن عباس پر اینکر مشتاق منہاس کی جانب سے کیے گئے حملے اور ان پر بندوق تاننے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے عناصر صحافت کو بدنام کر رہے ہیں۔حیدرآباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر جنید خانزادہ، جنرل سیکریٹری جاوید نثار چنہ اور دیگر عہدیداران نے ایک بیان میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں رانا عظیم کو صدر اور امین یوسف کو سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے نامزد کردہ پینل کی بھرپور کامیابی کو صحافیوں کے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔ ایچ یو جے کے عہدیداران نے پی ایف یو جے کے نومنتخب عہدیداران سے امید ظاہر کی ہے کہ وہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے اپنا کردار مسلسل ادا کرتے رہیں گے۔

ساتھ ہی ساتھ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ نے حسن عباس پر اینکر پرسن مشتاق منہاس اور انکے ساتھ آئے ہوئے عناصر کے قاتلانہ حملے کی مذمت کی اور کہا ہے کہ حسن عباس پر اسلحہ تانا جانا اور انھیں حملہ کر کے زخمی کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے۔ پی ایف یو جے کی قیادت اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے انچارج انجینئر ناصر جمال نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) کے انتخابات میں گرین پینل کی کامیابی پر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ایک تہنیتی بیان میں انھوں نے گرین پینل کے نومنتخب صدر رانا عظیم، سیکریٹری جنرل امین یوسف اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گرین پینل کے نومنتخب عہدیداران آزادی صحافت اور صحافیوں کے مسائل کے حل کیلیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
Load Next Story