حکمران ڈرون حملوں پر تسلیاں نہ دیں دو ٹوک موقف اپنائیں عمران

بتایاجائے آل پارٹیز کانفرنس کے بعد اب طالبان سے مذاکرات میں کونسی رکاوٹ ہے،چیئرمین تحریک انصاف


INP October 28, 2013
ن لیگ 5 سال تک پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں فرینڈلی اپوزیشن کرتی رہی اور آج وہی کام پیپلز پارٹی کر رہی ہے ۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب چیئرمین نیب کیلیے اپوزیشن لیڈر اور حکومت میں مک مکا ہو جائے تو پھر احتساب خواب ہی رہے گا' ہم نے لوٹی دولت واپس لانے میں حائل تمام رکاوٹوں کو توڑنا ہے۔

ڈرون حملوں پر حکمرانوں کو صرف تسلیاں نہیں دینا چاہیں دوٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا' حکمران بتائیں کہ اے پی سی کے بعد اب طالبان سے مذاکرات میں کیا رکاوٹ ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما رانا انوار الحق کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام نظر آ رہی ہے، آل پارٹیز کانفرنس کو ایک ماہ سے زائد کا وقت ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے حکومت نے باقاعدہ آغاز نہیں کیا اور حکومت بتائے کہ جب اے پی سی میں مذاکرات کامتفقہ فیصلہ ہو گیا تو پھر اب کیا رکاوٹ ہے۔



انہوں نے کہا کہ ن لیگ 5 سال تک پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں فرینڈلی اپوزیشن کرتی رہی اور آج وہی کام پیپلز پارٹی کر رہی ہے اور دونوں جماعتوں نے لوٹی دولت کو بچانے کیلئے مک مکا کر لیا ہے لیکن تحریک انصاف ایسے کسی مک مکائو کو کامیاب نہیں ہونے دیگی اور ہم نے ملک کے مفاد میں چیئرمین نیب کی تقرری عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی تباہی پر خاموش نہیں رہے گی اس لیے ہم نے کرپشن' مہنگائی' بیروزگاری اور دیگر حکومتی پالیسیوں کے خلاف یکم نومبر سے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں