الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کرانے سے معذرت کرلی

2 نومبر کو ہر صورت الیکشن کرائے جائیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم

الیکشن کمیشن قوانین کے تحت پی سی بی کے انتخابات نہیں کراسکتا، وکیل کمیشن۔ فوٹو: فائل

ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات کرانے کا اختیار رکھتا ہے، 2 نومبرکوہرصورت الیکشن کرائے جائیں۔


اسلام آبادہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب سے متعلق کیس کی سماعت کی، دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل منیر پراچہ ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ الیکشن کمیشن قوانین کے تحت پی سی بی کے انتخابات نہیں کراسکتا، جس پر جسٹس شوکت نے ریمارکس دئیے کہ پہلے آپ نے وقت مانگا، اب آپ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس الیکشن کرانے کا مینڈیٹ نہیں، انجینیرنگ کونسل کے الیکشن بھی توآپ نے ہی کرائے تھے، اس کے تو 24 ہزارالیکڑول ووٹ تھے، جواب میں کمیشن کے وکیل نے کہا کہ اب بلدیاتی الیکشن کا حکم مل چکا ہے، ہماری مصروفیات بڑھ گئی ہیں۔

اس موقع پر جسٹس شوکت صدیقی نے کہا کہ جیسے بھی ہو آپ 2 نومبرکوالیکشن کروائیں، جس پر وکیل منیر پراچہ نے عدالت کو تجویز دی کہ جسٹس (ر) اسد منیر کی سربراہی میں چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کرادیں، جس پر جسٹس شوکت عزیز نے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، لیکن عدالتی حکم پر عمل نہیں کررہا، انہوں نے کہا کہ چیرمین پی سی بی کا الیکشن کس نے کرانا ہے کل فیصلہ کریں گے۔
Load Next Story