نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر وزیراعظم کا بنیادی مشن ہے فردوس عاشق

ہمارے نوجوان ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں، معاون خصوصی


ویب ڈیسک December 01, 2019
نوجوان نسل ہمارا اثاثہ اور روشن مستقبل کی امید ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر وزیراعظم عمران خان کا بنیادی مشن ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی امید ہے۔نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر وزیراعظم عمران خان کا بنیادی مشن ہے۔ طلباء کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے فوری حل کے لیے وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کو جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کا مطالبہ طلباء کے بڑھتے ہوئے شعور اور فکر کی عکاسی ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ ہمارے طلباء وہ طاقت ہیں جس نے آنے والے دور میں ملکی ترقی کیلئے نئی سوچ، بصیرت اور ولولہ انگیز جمہوری قیادت وجود میں لانی ہے۔ ہمارے نوجوان ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا آہنی عزم رکھتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل خصوصاً طلباء کی محنت، دیانتداری اور سچائی کے اصولوں پر مبنی کردار سازی کرنی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے متحرک کردار کو معاشرے کی فلاح، قومی مفاد اور سلامتی سے ہم آہنگ کرنا نہایت ضروری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں