پی ٹی آئی وفد کی ایم کیو ایم مرکز آمد شاہ محمود کی متحدہ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ملاقات میں بلدیاتی اختیارات سمیت آرٹیکل 140 اے کے نفاذ پر بات چیت، ذرائع


ویب ڈیسک December 01, 2019
پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ملاقات میں بلدیاتی اختیارات سمیت آرٹیکل 140 اے کے نفاذ پر بات چیت، ذرائع ۔ فوٹو : فائل

وزیر خارجہ اور گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

حکمران جماعت تحریک انصاف کا وفد کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز پہنچا اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، پی ٹی آئی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت پی ٹی آئی سندھ کے رہنما بھی شریک تھے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے فروغ نسیم، وسیم اختر، امین الحق اور دیگر نے وفد کا استقبال کیا، ، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال، گورننس کے امور، تحریری معاہدے پر عمل درآمد اور بلدیاتی اختیارات سمیت آرٹیکل 140 اے کے نفاذ پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک وفد چند دنوں بعد ایک بار پھر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا جب کہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے سندھ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور لوکل گورنمنٹ کی جو صورتحال تھی، جو نہیں ہونا چاہیے تھی اس کے بارے میں بھی نتیجہ نکالا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں متحدہ نے ہماراساتھ دیا اور مشکل حالات میں ہی عمران خان نے حکومت سنبھالی، آج ہم معاشی استحکام کی طرف لوٹ چکے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقے اپنے حصے کی قربانیاں دے چکے ہیں، کراچی چلتا ہے تو ملک بھی چلتا ہے اور یہی معیشت کا انجن ہے، ہم اپنے تعاون کی رفتار کو اور تیز کریں گے، سندھ کے لیے جامع حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھناہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں