خاتون پولیس افسر نے محبت کے جال میں پھنسا کر بدنام زمانہ ڈاکو کو گرفتار کرا دیا

خاتون سب انسپکٹر نے اپنی شناخت چھپاتے ہوئے ڈاکو کو شادی کا پیغام بھیجا اور پہلی ملاقات میں ہی گرفتار کرلیا


ویب ڈیسک December 01, 2019
55 سالہ بدنام زمانہ ڈاکو پولیس کے لیے درد سر بناہوا تھا۔ فوٹو : فائل

بھارت میں پولیس کے لیے چھلاوا بننے والے بدنام زمانہ ڈاکو کو خاتون پولیس سب انسپکٹر نے شادی کی پیشکش کرکے دھوکے سے بلایا اور گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں ہر بار پولیس کو چکمہ دینے میں کامیاب ہونے والے 55 سالہ بدنام زمانہ ڈاکو بل کرشنا چوبئے کو پولیس نے انوکھی حکمت عملی سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

قتل، ڈکیتی اور چوری کی درجنوں مقدمات میں مطلوب ڈاکو کی گرفتاری میں 30 سالہ خاتون سب انسپکٹر مدھاوی اگنی ہوتری نے مرکزی کردار ادا کیا۔ ڈاکو نے اپنے چیلوں سے شادی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے رشتہ ڈھونڈنے کا تذکرہ کیا تھا۔

ایک مخبر کے ذریعے یہ خبر پولیس تک پہنچ گئی جس پر مدھاوی نے اپنی پرانی تصاویر اور شادی کی پیشکش کا خط مخبر کے ذریعے ڈاکو تک پہنچایا، کچھ دنوں کی خط و کتابت کے بعد ڈاکو دام میں آگیا۔

دونوں نے شادی سے قبل ایک دوسرے سے دوبدو ملاقات طے کی اور عین ملاقات کے دوران گھات لگائے سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں کی ٹیم نے ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں