فرانس میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 3 ریسکیو اہلکار ہلاک

ریسکیو ہیلی کاپٹر سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے پر مامور تھا


ویب ڈیسک December 02, 2019
ہیلی کاپٹر میں ریسکیو ٹیم کے 3 اہلکار سوار تھے۔ فوٹو : فائل

فرانس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کے لیے جانے والا ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں تینوں اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے علاقے ماغسئی میں ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر EC145 گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں اہلکار ہلاک ہوگئے۔ تینوں اہلکاروں کی لاشیں قریبی علاقے لاروؤف سے مل گئی ہیں۔

ہیلی کاپٹر کا اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہونے پر ہیلی کاپٹر کی تلاش میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر کے ملبے اور اہلکاروں کی لاشوں کے علاوہ اس علاقے سے سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے 2 افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔

ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ مسلسل بارش اور فوگ ہوسکتی ہے۔ موسم کی خرابی اور دھند کے باعث حد نگاہ بھی بہت کم ہوگئی ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ماغسئی کے علاقے میں بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

واضح رہے کہ جنوب مشرقی فرانس میں ایک ہفتے سے جاری موسلا دھار بارشوں سے ڈیمز میں پانی بھر گیا ہے جو سیلابی ریلے کی صورت میں رہائشی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے اس دوران 8 افراد ہلاک اور ہزاروں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں