ون ڈے رینکنگ پاکستان کو پانچویں پوزیشن پانے کا موقع مل گیا

سیریز میں 3-2 سے فتح بھی ایک درجے ترقی سے پروٹیزکے مقام پر قابض کرا دے گی، بارش نے بھارتی ٹاپ پوزیشن بچالی

تین پوائنٹس کی کٹوتی جنوبی افریقہ کو چھٹے نمبر پر لے جائے گی۔ فوٹو: فائل

ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کو پروٹیز سے پانچویں پوزیشن چھیننے کا سنہری موقع میسر آگیا۔

سیریز میں 3-2 سے فتح بھی ایک درجہ ترقی کا باعث بن جائے گی، ادھر بارشوں نے بھارت کی ٹاپ پوزیشن کو بچالیا، نیوزی لینڈ کو ساتویں نمبر پر موجود رہنے کے لیے بنگلہ دیش کو شکست دینا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز بدھ سے شارجہ میں ہورہا ہے، میزبان اس میں صرف 3-2 یا اس سے زیادہ مارجن سے کامیابی حاصل کرکے رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کرسکتا ہے، اس صورت میں اسے 2 پوائنٹس ملیں گے جس سے وہ 103 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلا جائے گا۔

تین پوائنٹس کی کٹوتی جنوبی افریقہ کو چھٹے نمبر پر لے جائے گی۔ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں بھی صرف ایک میچ جیتنے کے باوجود پاکستان نے 2درجے بہتری سے ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن سنبھالی تھی۔ اب وہ ٹاپ 5 ون ڈے ٹیموں میں شامل ہوسکتا ہے، اگر جنوبی افریقہ نے سیریز 4-1 سے جیتی تو اس کا انگلینڈ اور سری لنکا سے فاصلہ سمٹ کر صرف 4 پوائنٹس جبکہ پروٹیز کے کلین سوئپ پریہ فرق ایک پوائنٹ رہ جائے گا۔ انگلینڈ اور سری لنکاکے پوائنٹس 111 تاہم اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے انگلش سائیڈ تیسرے نمبر پر ہے۔




ادھر بھارت کی پہلی پوزیشن کو بارشوں نے بچالیا، آسٹریلیا کو ٹاپ پوزیشن سنبھالنے کے لیے 7 میچز کی یہ سیریز 6-1 سے جیتنا ضروری تھی تاہم اس نے 2-1 کی برتری حاصل کی جبکہ 2 میچز بارش کی نذر ہوگئے، اب اگر باقی 2میچز میں آسٹریلیا کامیابی حاصل کرتا تو اس کے پوائنٹس 119 جبکہ بھارت کے پوائنٹس 121 رہ جائیں گے، البتہ اگر بھارت باقی میچز جیت گیا تو سیریز فتح کے ساتھ اس کے پوائنٹس 123 جبکہ آسٹریلیا کے 114 رہ جائیں گے۔ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ بھی منگل سے تین میچز کی سیریز میں صف آرا ہونے والے ہیں۔

اس وقت کیویز اور ویسٹ انڈیز دونوں کے 87، 87 پوائنٹس ہیں مگر نیوزی لینڈ اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے ساتویں نمبر پر ہے، اسے اس نمبر پر موجود رہنے کیلیے ہرصورت بنگلہ دیش کو شکست دینا ہوگی بصورت دیگر یہ پوزیشن کیریبیئن سائیڈ کے قبضے میں چلی جائے گی۔ ان تینوں سیریز میں پلیئرز کی رینکنگ میں بھی ردوبدل ہوگا۔ اس وقت ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں پاکستان کے2کھلاڑی مصباح الحق (8) اور عمر اکمل (16) موجود ہیں جبکہ بولرز رینکنگ میں سعید اجمل کا تیسرااور محمد حفیظ کا دسواں نمبر ہے، نائب کپتان محمد حفیظ آل راؤنڈرز میں ٹاپ پر موجود ہیں۔
Load Next Story