ون ڈے کرکٹ مسلسل ناقص پرفارمنس نے پروٹیز کی نیندیں اڑادیں

خراب نتائج پر کوچ رسل ڈومنگو کی صلاحیتوں پر بھی انگلیاں اٹھنا شروع ہوگئیں

گریم اسمتھ کی واپسی سے ٹاپ آرڈر کوکچھ سنبھالا ملنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ون ڈے میں مسلسل ناقص پرفارمنس نے پروٹیز کی نیندیں اڑادیں، ناقص نتائج پر کوچ رسل ڈومنگو کی صلاحیتوں پر بھی انگلیاں اٹھنا شروع ہوگئیں۔

گریم اسمتھ کی واپسی سے ٹاپ آرڈر کوکچھ سنبھالا ملنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ جہاں ٹیسٹ کرکٹ کا حکمران وہیں ایک روزہ میچز میں اس کی پرفارمنس مسلسل زوال پزیر ہے جس نے پروٹیز ٹیم مینجمنٹ کو تشویش میں مبتلا کردیا۔کوچ رسل ڈومنگو کی صلاحیتوں پر بھی اعتراض اٹھنا شروع ہوگئے ہیں، انھیں ذمہ داری سنبھالے ہوئے صرف تین ماہ ہوئے اور اس دوران پروٹیز 4 ون ڈے میچز اور ایک ٹیسٹ ہارچکے ہیں، بیٹنگ لائن گذشتہ 9 ایک روزہ میچز میں صرف ایک بار ہی 250 رنز سے آگے بڑھ پائی جب اس نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف 305 رنز بنائے اور پھر بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب پاکستان کے ہاتھوں ایک ٹیسٹ میں ناکامی بھی ڈومنگو کی ریکارڈ بک کا حصہ بن چکی۔




اسی تشویش نے جنوبی افریقہ کو پرانے کوچ گیری کرسٹن کو بطور مشیر طلب کرنے پر مجبور کیا، وہ چند روز یہاں یو اے ای میں ٹیم کے ہمراہ رہ کر مسائل دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ جنوبی افریقہ کا حالیہ کچھ عرصے میں سب سے بڑا مسئلہ اوپننگ رہا، مڈل آرڈر کا شکوہ ہوتا ہے کہ انھیں کوئی ایسی بنیاد ہی نہیں ملتی جس پر وہ بیٹنگ کی عمارت کو کھڑا کرسکیں۔ اب ٹخنے کی سرجری کے بعد مکمل طور پر فٹ ہونے والے گریم اسمتھ کی اس فارمیٹ میں بھی واپسی ہورہی ہے، وہ چند روز قبل پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرچکے مگر ٹاپ آرڈر پر ان کا ساتھ دینے کے لیے ابتدائی چند میچز کیلیے ہاشم آملا میسر نہیں ہوں گے، وہ بدستور اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کا انتظار کررہے ہیں، ان کی جگہ اسٹینڈ بائی میں کولن انگرام کو رکھا گیا جو ڈومیسٹک ون ڈے ایونٹ میں ٹاپ اسکورر رہے، انھوں نے چار میچز میں اتنی ہی ففٹیز اسکور کی ہیں۔
Load Next Story