فرحان زمان نے شکاگو اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا

پاکستانی اسٹار نے فیصلہ کن معرکے میں میکسیکن حریف ایرک گلویزکوزیر کیا


Sports Desk October 29, 2013
تیسرے گیم میں ورلڈ نمبر71 فرحان زمان نے کم بیک کرتے ہوئے 11-5 سے کامیابی پائی. فوٹو: فائل

فرحان زمان نے شکاگو اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا، پاکستانی اسٹار نے فائنل میں میکسیکن حریف ایرک گلویزکو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے زیر کر لیا، رواں سیزن میں یہ ان کا دوسرا پی ایس اے ٹائٹل ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں منعقدہ شکاگو اوپن کے فیصلہ کن معرکے میں تھرڈ سیڈ فرحان کا مقابلہ ورلڈ نمبر91 میکسیکن ایرک گلویز سے تھا، پاکستانی اسٹار کو ابتدائی دونوں گیمز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن انھوں نے حوصلہ نہ ہارتے ہوئے اگلے تینوں گیمز جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، ایرک نے پہلے گیم میں11-9 اور دوسرے میں11-7 سے فتح حاصل کی، تیسرے گیم میں ورلڈ نمبر71 فرحان زمان نے کم بیک کرتے ہوئے 11-5 سے کامیابی پائی،چوتھا گیم بھی یکطرفہ طور پر11-2 سے ان کے نام رہا، آخری گیم میں فرحان نے 8-4 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں سیزن کا دوسرا پی ایس اے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔



اس سے قبل وہ ستمبر کے آخر میں ہوم سرزمین پر چیف آف ایئر اسٹاف ایونٹ کی ٹرافی جیت چکے ہیں۔ 20 سالہ پاکستانی اسٹار نے کیریئر میںچوتھی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، وہ شکاگو ایونٹ میں ٹاپ سیڈ نیوزی لینڈ کے مارٹن نائٹ کو شکست دینے کے بعد فیصلہ کن معرکے تک پہنچے تھے۔ فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کامیابی سے میری ورلڈ رینکنگ بہتر ہوگی، میں10ہزار ڈالر انعامی رقم کا ایونٹ جیت کر انتہائی خوش ہوں، مستقبل میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں