آئی پی ایل طرز کی فٹبال لیگ آئندہ سال ستمبر تک ملتوی

ڈومیسٹک کلبزکی مخالفت اورفرنچائززکی جانب سے کم وقت کا شکوہ وجہ بنا

لیگ میں فٹبال کے سابق انٹرنیشنل اسٹارز جلوہ گر ہونے والے تھے۔ فوٹو: فائل

بھارت میں آئی پی ایل طرز کی فٹبال لیگ آغاز سے قبل تنازعات میں گھر گئی،آئندہ برس جنوری سے مارچ تک شیڈول ایونٹ کو ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا، ممکنہ فرنچائز مالکان نے بھی وقت کی کمی کا شکوہ کیا تھا ۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں فٹبال ٹورنامنٹ کو ڈومیسٹک کلبز کی شدید مخالفت کے بعد ملتوی کردیا گیا، لیگ میں فٹبال کے سابق انٹرنیشنل اسٹارز جلوہ گر ہونے والے تھے۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن اور کاروباری شراکت داروں کا فرنچائز پر مشتمل ایونٹ آئندہ برس جنوری سے مارچ تک منعقد ہونا تھا، اسے ستمبر تک ملتوی کردیا گیا۔ آفیشل بیان کے مطابق شیڈولنگ سمیت کئی وجوہات پر فیصلہ کیا گیاکہ 2014سے انڈین سپر لیگ کا آغاز مستقل طور پر ستمبر سے نومبر تک کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ فرنچائز مالکان نے اے آئی ایف ایف کو بتایا تھا کہ لیگ کی تیاری کیلیے مناسب وقت نہیں مل رہا۔




تھیری ہنری، رابرٹ پائرس، کریسپو ، فریڈرک لجنبرگ، ڈوائٹ یارک اور لوئس ساہا جیسے سابق انٹرنیشنل پلیئرز کی ٹورنامنٹ میں شرکت متوقع تھی۔ مجوزہ لیگ میں8 سٹی ٹیموں کے ہر اسکواڈ میں 9 غیر ملکی اور 13 بھارتی پلیئرز شامل ہونا تھے۔ کلبز نے ٹورنامنٹ کیلیے اپنے کھلاڑیوں کو بھیجنے سے انکار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ اس سے قومی آئی لیگ مقابلوں کو نقصان پہنچے گا۔گذشتہ برس مغربی بنگال میں بھی اسی قسم کی ایک لیگ ناکام ہوچکی،اس میں کریسپو اور فیبیو کناوارو جیسے سابق ریٹائرڈ اسٹارز شرکت کرنے والے تھے۔ عالمی درجے پر 154 ویں اور ایشیا میں 28 ویں پوزیشن پر موجود بھارت میں دنیا بھر سے ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے میچز کی وجہ سے فٹبال کو کافی مقبولیت حاصل ہے۔
Load Next Story