تحفظات کے باوجودکراچی آپریشن ٹھیک ہورہا ہے قادر پٹیل

رینجرز،پولیس سیاسی ہوچکی،آپریشن میں میرے 4 ساتھی مارے گئے، 8 لاپتہ ہیں، وسیم اختر


Monitoring Desk October 29, 2013
اگر ہم آپریشن کو سپورٹ نہیں کریں گے تو عوام یہ سمجھیں گے کہ سیاسی جماعتیں امن کے عمل کوسبوتاژ کررہی ہیں۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن بہت سارے تحفظات کے باوجود ٹھیک ہورہا ہے۔

میں مانتا ہوں کہ کچھ بے گناہ لوگ بھی پکڑے گئے ہوں گے لیکن مگر پھر بھی بہتر رزلٹ آیا ہے۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام ''ٹو دی پوائنٹ'' میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے کارکن بھی پکڑے گئے ہیں لیکن ہم نے کوئی اعتراض نہیں کیا اگر ہم آپریشن کو سپورٹ نہیں کریں گے تو عوام یہ سمجھیں گے کہ سیاسی جماعتیں امن کے عمل کوسبوتاژ کررہی ہیں۔ کراچی کی بدامنی 20 سال کا جوان ہے جبکہ آپریشن کی عمر2ماہ ہے۔ لیاری میں بدقسمتی سے بابا لاڈلا اور عذیر بلوچ کے درمیان تنازع ہوا۔

جس کے بعد کچھ سیاسی سماجی اور علما نے مداخلت کی جس کی وجہ سے ماحول سیز فائر جیسا ہے اوراللہ کرے کہ یہ ایسا ہی رہے۔ ایم کیوایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے جس قسم کی باتیں سننے کو مل رہی ہیں وہ افسوسناک ہیں ۔کراچی کے آپریشن میں میرے 4ساتھی مارے گئے اور 8 لاپتہ ہو چکے ہیں۔



کیا یہ زیادتی نہیں کہ 53 سال کے دلشاد کوگھر سے اٹھایا جائے اور اس پر انتہائی تھرڈ ڈگری ٹارچر کرکے اس کو اس کے بھائی کے حوالے کیا جائے ۔ اگر کوئی کالی بھیٹر ہے تو اس کو پکڑنا چاہیے لیکن اس کوآئین اورقانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔

اگردلشاد کی حوالگی کی کوئی فوٹیج رینجرز کے پاس ہے تو اسے میڈیا پر لائے۔ ہم نے آپریشن کی حمایت کی تھی اورفوج کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ وہ نیوٹرل ہوگی، رینجرزاورپولیس سیاسی ہوچکی ہیں۔ میں ڈی جی رینجرز کی بات نہیں کرتا نچلی سطح پر کالی بھیٹریں موجود ہیں میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ دلشاد کی ہلاکت کی انکوائری ہونی چاہیے۔کسی سے بھی زیادتی ہو ہماری پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ اے این پی کے رہنما شاہی سید نے کہا کہ کسی بھی انسان کو اٹھا کر لے جانا اس پر تشدد کرنا غلط ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں