اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجم سیٹھی کو بطور چیئرمین پی سی بی کام سے روک دیا عبوری کمیٹی بھی معطل

ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ نے سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا ہے اب بھی پی سی بی کا چیئرمین ہوں، نجم سیٹھی


ویب ڈیسک October 29, 2013
چیئرمین کے انتخاب تک تمام اختیارات پی سی بی کے سیکرٹری کے پاس رہے گے، عدالت فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی کو کام سے روکتے ہوئے عبوری کمیٹی معطل کردی۔

ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے پی سی بی کے انتخابات کرانے سے معذرت کے بعد آج کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نئے چیئرمین کے انتخاب تک تمام اختیارات پی سی بی کے سیکریٹری کے پاس رہیں گے۔ انہوں نے بورڈ کے انتخابات کے لئے جسٹس (ر) منیر اے شیخ کی سربراہی میں الیکشن کمیٹی قائم کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ نومبر کے آخر تک پی سی بی کے انتخابات کرائے، عدالت نے حکم کے باوجود عبوری کمیٹی کے قیام اور نئے چیئرمین کو منتخب کرنے پر نجم سیٹھی اور عبوری کمیٹی کے اراکین کو توہین عدالت کا نوٹس بھی بھجوا دیا۔

دوسری جانب نجم سیٹھی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے لہٰذا وہ اب بھی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی کے انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے الیکشن کمیشن کو 2 نومبر کو ہر صورت انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا تاہم کمیشن کے وکیل کی معذرت پر عدالت نے آج فیصلہ سنانے کا کہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں