آصف زرداری درخواست ضمانت ہائی کورٹ کا میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

پمز میڈیکل بورڈ 11 دسمبر سے قبل رپورٹ عدالت میں جمع کرائے، اسلام آباد ہائیکورٹ


ویب ڈیسک December 04, 2019
عدالت کا فریال تالپور کی درخواست پر نیب کو نوٹس۔ فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے سابق صدر کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی درخواست پر پمز ہیڈ کو بیماری کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیدیا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے خصوصی بنچ نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی سماعت کی، عدالت نے فریال تالپور کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

دوسری جانب چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آصف زرداری کا کوئی میڈیکل بورڈ بنا، جس پر سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پمز کے ہیڈ کو کہہ دیتے ہیں کہ وہ میڈیکل بورڈ بنا کر رپورٹ جمع کرائیں، اس موقع پر فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے ذاتی معالج کو بورڈ کا حصہ بنانے کی استدعا جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔

عدالت نے پمز کے ہیڈ کو سابق صدر آصف زرداری کی بیماری کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 11 دسمبر سے قبل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔

آصف زرداری درخواست؛

گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے طبی بنیادوں پردرخواست ضمانت دائر کی تھی جس میں نیب اور احتساب عدالت کو فریق بنایا گیا تھا۔

آصف علی زرداری نے موقف اختیار کیا ہے کہ مجھے دل کی بیماری لاحق ہے اور تین اسٹنٹ بھی ڈالے جاچکے ہیں، شوگر کا مرض ہے اور شوگر لیول کنٹرول کرنے کے لیے مستقل علاج کی ضرورت ہے لہذا علاج کے لیے ضمانت منظور کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں