گوگل کا اہم ترین عہدہ چھوڑ کر تانیہ ایدروس ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ بن گئیں

گوگل سنگاپور کے اہم ترین عہدے پر رہنے والی تانیہ ایدرس نے کہا ہے کہ وہ ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں


ویب ڈیسک December 05, 2019
ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، تانیہ ایدرس

گوگل سنگاپور میں سینئر ترین عہدے پر فائز پاکستانی ماہر تانیہ ایدرس نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور اسی بنا پر وہ ملک میں سکونت اختیار کرکے ڈیجیٹل پاکستان کا اجرا کررہی ہیں۔

اس ضمن میں آج اسلام آباد میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن منصوبے کا افتتاح کیا گیا جس کےمہمانِ خصوصی وزیرِ اعظم عمران خان تھے۔ تانیہ ایدرس نے اپنی پرجوش تقریر میں کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی بنیاد پڑ چکی ہیں اور نادرا جیسی سہولیات موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'علمی معیشت' یا نالج اکانومی کا دور آچکا ہے اور پاکستان میں اکثریت نوجوانوں کی ہے جنہیں ڈیجیٹل علوم اور ٹولز کی تعلیم دے کر ڈیجیٹل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔

انڈونیشیا کی مثال دیتے ہوئے تانیہ ایدرس نے کہا کہ نو سال قبل وہاں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ای گورننس اور فائنینشل ٹیکنالوجیز کا آغاز ہوا اور اب وہاں اس شعبے کی سرمایہ کاری 5 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرچکی ہے جس سے خود انڈونیشیا کی معیشت مضبوط ہوئی ہے۔

تانیہ ایدرس نے انٹرنیٹ کی اہمیت پر کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے ساتھ اب انٹرنیٹ کو بھی بنیادی ضروریات میں شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ پاکستان میں اس کی وسیع امکانی استعداد موجود ہے۔

واضح رہے کہ تانیہ ایدرس ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہی سے قبل گوگل سنگاپور میں نیکسٹ بلین یوزرز پروگرام کی سربراہ اور چیف آف اسٹاف رہ چکی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت انہوں نے صارفین اور مارکیٹ کے لیے نئی پراڈکٹس کی تیاری میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے موبائل پر مبنی صحت و تشخیص کی ایک کمپنی 'کلک ڈائیگنوسٹکس' کی بنیاد بھی رکھی ہے جب کہ وہ امریکی حکومت سمیت دنیا کے 500 اداروں کو مشاورت بھی فراہم کرتی ہیں۔ تانیہ ایدرس نے ایم آئی ٹی سلون اسکول آف مینجمنٹ سے ایم بی اے کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں