نادرا نے غیر شادی شدہ 61 سالہ شہری کی شادی کرادی

اچانک شادی پر ریٹائر انجینئرکو تحفظات، نادرا میرے بچے بھی پیدا نہ کردے،مسعود احمد

بزرگ شہری کی اعلیٰ حکام سے معلومات کی درستی اور شناختی کارڈ کے اجرا کی اپیل فوٹو: فائل

نادرا نے غیر شادی شدہ61 سالہ ریٹائر سرکاری ملازم کو شادی شدہ بنادیا ۔

جس پر متاثرہ شخص حیران ہے کہ جو کام اس کے والدین آج تک نہ کرسکے وہ نادرا نے کردکھایا،اچانک شادی شدہ ہوجانے پر ریٹائر انجینئر محمد مسعود کو شدید تحفظات ہیں اس کا موقف ہے کہ خدشہ ہے کہ کل کو نادرا میرے بچے بھی پیدا نہ کردے،گلستانِ جوہر کے رہائشی محمد مسعود احمد نادرا کے آفس میں شناختی کارڈ کی تنسیخ کے بعد دوبارہ اجرا کے لیے گئے تو ان کا تمام ڈیٹا بلاک تھا، اسے بتایا گیا کہ آپ اپنے اہل خانہ میں سے کسی کا شناختی کارڈ لائیں گے تو ڈیٹا کھولا جائے گا ۔




جس پر مذکورہ شخص نے بہن اور بھائی کا شناختی لے جاکر ڈیٹا کھلوایا، نادرا کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آپ کی معلومات میں سسٹم انویسٹی گیشن لکھا ہے ا س سے واضح ہے کہ آپ شادی شدہ ہیں، اپنی بیوی کا نام بتائیں جس پر بزرگ نے کہا کہ میں غیرشادی شدہ ہوں، بزرگ کا کہنا تھاکہ میں حلفیہ بیان دینے کو تیار ہوں کہ میں نے غلطی سے اپنے آپ کو شادی شدہ ظاہر کیا جس پر نادرا کے عملے نے انکار کردیاجس پر بزرگ نے عوامی مرکز میں قائم نادرا کے ریجنل آفس سے رجوع کیا۔

محمد مسعود نے بتایا کہ اس مسئلے پر نادرا حکام کو خطوط ارسال کیے لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا، میں وفاقی حکومت سے انجینئر ریٹائرڈ ہوا ہوں اور مجھے پنشن بھی ملتی ہے، اگر میں نے خود کو شادی شدہ ظاہر کیا تو کل کوئی بھی عورت میری پنشن اور جائیداد میں وارث بننے کا دعویٰ کرسکتی ہے،نیا شناختی کارڈ جاری نہ ہونے سے میری پنشن رکنے کا خدشہ ہے اور نئے پاسپورٹ کے اجرا میں مشکلات حائل ہیں،بزرگ نے اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ معلومات کودرست اور نیا شناختی کارڈ جاری کیا جائے۔
Load Next Story